Wednesday , July 18 2018
Home / کھیل کی خبریں / ہندوستان کل 3-0 کی برتری کے مقصد سے میدان میں اُترے گا

ہندوستان کل 3-0 کی برتری کے مقصد سے میدان میں اُترے گا

میزبان کی نگاہیں مثبت کھیل کے ذریعہ میچ میں واپسی پر ، کیپ ٹاؤن میں دونوں ٹیموں کے ریکارڈ مساوی

کیپ ٹاؤن۔ 6 فروری (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی افریقہ کے زخمی کھلاڑیوں کی بڑھتی ہوئی فہرست کے درمیان ہندستانی کرکٹ ٹیم میزبان ٹیم کے خلاف بدھ کو کھیلے جانے والے تیسرے ون ڈے میں جیت کی خوشی کے ساتھ0۔3 کی برتری حاصل کرنے کے لئے میدان میں اترے گی۔ابتدائی تین میچوں میں اے بی ڈیویلئرس چوٹ کی وجہ سے میدان سے باہر ہیں تو کپتان فاف ڈو پلیسس اور آل راؤنڈر کوئنٹن ڈی کاک دونوں ہی چوٹ کی وجہ سے سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔ان اہم کھلاڑیوں کی غیرموجودگی میں چھ میچوں کی سیریز میں جنوبی افریقہ اب 2۔0 سے پیچھے ہوچکی ہے ۔وہیں ہندستانی ٹیم اب کافی حد تک یہاں کی پچوں اور سازگار حالات کے تیئں خود کو ڈھال چکی ہے جس کا فائدہ بھی اسے مل رہا ہے ۔اسی کے ساتھ اس کے کلائی اسپنر چائنامین گیند باز کلدیپ یادو اور لیگ اسپنر یجویندر چہل کی گیندوں کو جنوبی افریقہ کے بلے باز سمجھ نہیں پا رہے ہیں جو ٹیم انڈیا کے لیے اب تک بے حد فائدہ مند رہا ہے ۔ہندستان دوسرے میچ میں حریف ٹیم کو 32.2 اوور میں صرف 118 کے معمولی اسکور پر ہی سمیٹ دیا تھا جس نے اس کے بلے بازوں کی کمزوریوں کو اجاگر کر دیا ہے ۔افریقی ٹیم میں فی الحال کوئی بڑا بلے باز دکھائی نہیں دے رہا ہے اور کاک کے بھی باہر ہو جانے سے اس کا بلے بازی آرڈر اور کمزور پڑ گیا ہے ۔کپتانی سنبھال رہے ایڈین مارکرم بھی خراب فارم میں ہیں اور انہوں نے گزشتہ دو میچوں میں 08 اور 09 رنز کی مایوس کن اننگز کھیلی ہیں۔سرفہرست تین بلے بازوں کی غیر موجودگی میں اوپنر ہاشم آملہ پر اچھی شروعات کی ذمہ داری ہے لیکن وہ بھی اس کردار میں ناکام دکھائی دے رہے ہیں اور گزشتہ میچ میں 23 رنز ہی جوڑ سکے ۔تجربہ کار کھلاڑی ڈیوڈ ملر، کرس مورس اچھا نہیں کھیل رہے ہیں تو گیند بازوں میں کیگسو ربادا، مورن مورکل کی ٹیسٹ سیریز کے بعد دھار کند پڑ گئی ہے اور ون ڈے میں وہ اپنے پچھلی کارکردگی کو دوہرا نہیں پا رہے ہیں۔جنوبی افریقہ کی ٹیم کے لیے بھی کیپ ٹاؤن میں واپسی کا موقع رہے گا۔اس میچ میں کاک کی جگہ شاید ھینرک کلاسین کو اتارا جا سکتا ہے ۔میزبان ٹیم کو ہندستان کے دونوں کلائی کے اسپنروں کے خلاف اہم حکمت عملی سے اترنا ہوگا کیونکہ تیسرا میچ ہارنے کے بعد اس کے پاس سیریز میں پھر واپسی کرنا مشکل ہو جائے گا۔کیپ ٹاؤن کے نیولینڈس میں ہونے والے میچ میں پچ کو بلے بازوں کیلئے مددگار مانا جا رہا ہے جبکہ اس سے پہلے یہاں ٹیسٹ میں گیند بازوں کو فائدہ ملا تھا۔لیکن اب فارمیٹ میں تبدیلی کیساتھ اس کی پوزیشن میں فرق پڑے گا۔ امید ہے کہ موسم اس دوران صاف رہے گا۔دونوں ٹیموں کے اس میدان پر ریکارڈ بھی برابری کے رہے ہیں جہاں جنوبی افریقہ نے 1992 اور 2006 میں میچ جیتے تو ہندستان نے 2011 میں سیریز کا تیسرا اور فائنل میچ جیتا تھا۔

TOPPOPULARRECENT