Tuesday , May 22 2018
Home / کھیل کی خبریں / ہندوستان کو آج افریقہ میں تاریخ بنانے کا موقع

ہندوستان کو آج افریقہ میں تاریخ بنانے کا موقع

کیپ ٹاؤن۔23 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی افریقہ کی سرزمین پر پہلی مرتبہ کوئی دو طرفہ سیریز جیت کر تاریخ رقم کرنے والی ہندستانی کرکٹ ٹیم ہفتہ کو میزبان ٹیم کے خلاف ہونے والے تیسرے اور فیصلہ کن ٹوئنٹی 20 میچ جیت کر سیریز بھی اپنے نام کرنے کے ارادے سے میدان پر اترے گی۔چھ میچوں کی ونڈے سیریز کو 5-1 سے جیتنے والی ہندستانی کرکٹ ٹیم نے تین میچوں کی ٹوئنٹی 20 سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ کو 28 رنز شکست دے کر سیریز میں 1-0کی برتری حاصل کرلی تھی لیکن جنوبی افریقہ نے دوسرے میچ میں شاندار واپسی کرتے ہوئے چھ وکٹ سے جیت درج کر سیریز میں 1-1 سے برابر کر لی لیکن اب دونوں ٹیمیں ہفتہ کو ہونے والے آخری میچ کو جیت کر سیریز اپنے نام کرنا چاہے گی۔ ہندستان نے دوسرے میچ میں منیش پانڈے ناٹ آؤٹ 79اور مہندر سنگھ دھونی کے ناٹ آؤٹ 52 کی جارحانہ نصف سنچریوں کی مدد سے چار وکٹ پر 188رن کا مضبوط اسکور بنایا تھا جسے جنوبی افریقہ نے وکٹ کیپر ہنرک کلاسین اور کپتان جے پی ڈومنی کی نصف سنچریوں کی بدولت آٹھ گیند باقی رہتے چار وکٹ پر 188رن بنا کر چھ وکٹ سے میچ جیت کر سیریز 1-1 سے برابر کر لی تھی۔سیریز میں اوپنر شکھر دھون، سابق کپتان اور وکٹ کیپر مہندر سنگھ دھونی اور منیش پانڈے فارم میں ہیں ۔بولروں میں ونڈے سیریز میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کلائی کے اسپنر یجویندر چہل ٹوئنٹی 20میں مہنگے ترین بولر ثابت ہو ئے ہیں۔ چہل کو پہلے میچ میں صرف ایک وکٹ ملا تھا۔دوسرے میچ میں بھی انہیں مایوسی ہاتھ لگی تھی اور انہوں نے چار اوور میں بغیر کسی وکٹ کے 64رن لٹا دیئے لیکن چہل اپنی ونڈے کی کارکردگی کو یاد کر کے سیریز کے آخري اور فیصلہ کن میچ میں واپس آسکتے ہیں۔وہیں جنوبی افریقہ کے باقاعدہ کپتانوں کی غیرموجودگی میں ٹیم کی کمان سنبھال رہے جے پی ڈومنی چاہیں گے کہ وہ اس فیصلہ کن میچ کو جیت کر اپنی کپتانی میں ٹیم کو سیریز جتائیں ۔ باقاعدہ وکٹ کیپر کوئنٹن ڈی کاک کے مقام پر ٹیم میں شامل ہنرک کلاسین نے دونوں میچوں میں ٹیم کو کامیابی دلوانے والی اننگز کھیلی ہیں اور ٹیم کو تیسرے میچ میں بھی ان سے ایسی ہی کارکردگی کی توقع کی جائے گی۔لیکن کلر ملر کے نام سے مشہور ڈیوڈ ملر کا ناقص فام میزبان ٹیم کو بحران میں ڈال سکتا ہے ۔ملر اورا سمٹس نے گزشتہ دو میچوں میں بالترتیب 5،9 اور 2، 14 رنز ہی بنائے ہیں۔بولروں میں ٹوئنٹی 20 سیریز سے اپنے بین الاقوامی کرکٹ میں کا آغاز کرنے والے بولر جونیئر ڈالا نے گزشتہ دو میچوں میں اپنی کارکردگی سے سب کو متاثر کیا ہے ۔انہوں نے سیریز میں اب تک چار وکٹ حاصل کئے ہیں اور میزبان ٹیم انہیں تیسرے میچ میں بھی موقع دے سکتی ہے ۔کیپ ٹاؤن میں صبح بارش ہونے کا امکان ہے لیکن شام کو موسم صاف رہنے کی امید ہے ۔

TOPPOPULARRECENT