Thursday , December 13 2018

ہندوستان کو آج دوسرے ونڈے میں کامیابی کا موقع

سینچورین۔3 فبروری (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان نے جنوبی افریقہ کی زمین پر اپنے دو آخری مقابلوں میں کامیابی حاصل کر لی ہے اور اتوار کو وہ حریف ٹیم کے اہم کھلاڑیوں کی غیر موجودگی کا فائدہ اٹھا کر سیریز میں 2۔0 کی برتری کے مقصد کے ساتھ اترے گی۔ ہندوستان نے ونڈے سیریز کے پہلے مقابلے میں چھ وکٹ سے کامیابی اپنے نام کی۔افریقی وکٹوں کے مطابق نہ کھیل پانے کی تنقید کا سامنا کرنے والی ہندوستانی ٹیم اب پھر سے اپنی فارم میں کھیل رہی ہے ۔دوسری طرف میزبان ٹیم ناکامی کے بعد اپنے اہم کھلاڑیوں کے زخمی ہو جانے سے اور بھی کمزور ہو گئی ہے ۔ اے بی ڈی ولیرس زخمی ہوکر پہلے ہی تین میچوں سے باہر ہیں تو ڈربن میں کپتان فاف ڈو پلیسی بھی زخمی ہوکر باہر ہو گئے ہیں۔ڈوپلیسی کوگزشتہ میچ میں انگلی میں چوٹ لگی اور فریکچر کی وجہ سے وہ تین تا چھ ہفتوں کے لئے باہر ہو گئے ہیں اور ونڈے سیریز کے بعد ٹوئنٹی20 سریز سے بھی باہر رہیں گے ۔ڈی ویلئیرس اور ڈوپلیسی کے بعد جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ، کوئنٹن ڈی کاک، جے پی ڈومنی، ایڈین مارکرم کی کارکردگی بھی مایوس کن رہی ہے جس کا ہندوستانی کھلاڑیوں کو فائدہ مل سکتا ہے ۔ہندوستانی ٹیم کے حوصلے گذشتہ کامیابی کے بعد کافی بلند ہیں اور وہ یقینا اس تال کوقائم رکھنے کی کوشش کرے گی۔کپتان کوہلی نے گزشتہ میچ میں اپنی 33 ویں ونڈے سنچری بنائی اور کافی جارحیت کے ساتھ اس کا جشن بھی منایا تھا۔ایسے میں وہ چاہیں گے کہ ٹیم آگے بھی اپنی اسی تال کے ساتھ کھیلے ۔کوہلی کے علاوہ اجنکیا رہانے نے بھی 79 رنز کی نصف سنچری اننگز کھیل کر اپنی افادیت دکھائی تھی اور صاف کر دیا کہ وہ اہم کھلاڑی ہیں۔ہندستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف سنچورین میں پانچ ون ڈے کھیلے ہیں جس میں دو جیتے اور دو ہارے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT