Wednesday , September 26 2018
Home / کھیل کی خبریں / ہندوستان کو اب آسٹریلیا میں سخت چیلنج : مائیک گرا

ہندوستان کو اب آسٹریلیا میں سخت چیلنج : مائیک گرا

سڈنی ۔ 18 اگست (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر گلین مائیک گرا نے کہا ہیکہ دورہ انگلینڈ پر شرمناک شکست کے بعد ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو اب دورہ آسٹریلیا پر ایک سخت چیلنج کا سامنا رہے گا۔ این ڈی ٹی وی سے اظہارخیال کرتے ہوئے مائیک گرا نے کہا کہ آخری مرتبہ جب آسٹریلیائی ٹیم نے ہندوستان کا دورہ کیا تھا تو ہماری ٹیم کو 0-4 کی شرمناک شکست برداشت کرنی پڑی تھی لیکن اس دورہ کے بعد آسٹریلیا نے بہترین مظاہروں کے ذریعہ واپسی کی ہے۔ انگلینڈ کے خلاف ہندوستانی ٹیم کے مظاہرے انتہائی ناقص رہے ہیں جبکہ آسٹریلیا نے ایشیس سیریز میں مہمان انگلینڈ کو 5-0 سے شکست دی تھی، اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہیکہ ہندوستانی ٹیم کے لئے آسٹریلیا کے میدانوں پر کس قسم کی میزبانی انتظار کررہی ہے۔ مائیک گرا نے کہا کہ موجودہ انگلش ٹیم کو آسٹریلیا نے گذشتہ برس ایشیس میں 5-0 سے شکست دی ہے تو پھر ہندوستان کیلئے آسٹریلیا میں کس قسم کا چیلنج موجود ہے اس کا باآسانی اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ مائیک گرا نے موجودہ ہندوستانی ٹیم کے ناقص مظاہروں پر اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ ٹیم کو سخت محنت کی ضرورت ہے کیونکہ میں نہیں سمجھتا کہ کسی ایک مسئلہ کا سامنا ہے بلکہ کئی ایسے مسائل موجود ہیں جن کو حل کرنے کیلئے انہیں اپنی بنیاد کو مضبوط کرنا ہوگا۔ مائیک گرا کے بموجب انگلینڈ کے دورہ پر ہندوستانی بولروں نے بہتر مظاہرہ کیا لیکن فیلڈروں نے انتہائی ناقص مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف حریف ٹیم پر دباؤ نہیں بنایا بلکہ اپنے کھلاڑیوں کے اعتماد کو بھی نقصان پہنچایا ہے۔ ان تمام کے علاوہ سب سے اوپر بیٹنگ شعبہ کا انتہائی ناکام ہونا ٹیم کیلئے شدید نقصان کا باعث ہے کیونکہ اس سے کھلاڑیوں کا اعتماد مکمل تباہ ہوچکا ہے۔

TOPPOPULARRECENT