Saturday , December 16 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہندوستان کو دوسرے مقام کیلئے کم از کم ایک میچ جیتنا ضروری

ہندوستان کو دوسرے مقام کیلئے کم از کم ایک میچ جیتنا ضروری

آئی سی سی رینکنگ میں بیٹسمین کوہلی اور بولنگ میں اشون کو بہتر مظاہرہ کرنا ہوگا

دوبئی۔ 10 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کو آئی سی سی ونڈے ٹیم چمپین شپ میں موجودہ دوسرا مقام برقرار رکھنے کیلئے آسٹریلیا کے خلاف مجوزہ سیریز میں کم از کم ایک میچ جیتنا ضروری ہے۔ دوسرے مقام پر موجود ویراٹ کوہلی کو بھی بیٹنگ کے شعبہ میں اے بی ڈی ویلیئرس سے سخت مقابلہ درپیش ہے۔ ورلڈ چمپین آسٹریلیا کی سابق کامیاب ٹیم ہندوستان سے پانچ میچس کی سیریز منگل کو پرتھ میں شروع ہورہی ہے۔ آسٹریلیا 127 پوائنٹس کے ساتھ جدول میں سرفہرست ہے جبکہ ہندوستان 114 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے مقام پر ہے۔ اگر آسٹریلیا سیریز کے تمام پانچ میچس میں شکست سے دوچار ہوتی ہے تب بھی پوائنٹس میں کمی ہوگی لیکن وہ ہندوستان سے آگے ہی رہے گی۔ اس کے برعکس اگر ہندوستان کو تمام پانچ میچس میں شکست ہوجائے تو وہ جنوبی آفریقہ سے پیچھے چلے جائے گی اور 111 پوائنٹس کے ساتھ نیوزی لینڈ کی شراکت میں چوتھے مقام پر ہوگی۔ آئی سی سی کے جاری کردہ ایک بیان میں یہ بات بتائی گئی۔ آئی سی سی پلیر رینکنگ میں بھی ہندوستان کے تین بیٹسمین ٹاپ 10 میں ہیں جبکہ آسٹریلیا کے صرف گلین میکس ویلس دسویں مقام پر ہیں۔ ویراٹ کوہلی اس وقت دوسرے مقام پر ہیں اور وہ سرفہرست اے بی ڈی ویلرس (جنوبی آفریقہ) سے 96 پوائنٹس پیچھے ہیں تاہم جنوبی آفریقہ کے ایک اور بیٹسمین ہاشم آملہ سے وہ 28 پوائنٹس آگے ہیں۔

اس کا صاف مطلب یہ ہے کہ ہندوستان کے ٹسٹ کیپٹن کو اپنا مقام برقرار رکھنے اور ساتھ ہی ساتھ ٹاپ رینک ڈی ویلرس کے ساتھ فرق کو کم کرنے کیلئے بہترین مظاہرہ کرنا ہوگا۔ چھٹے رینک پر مہیندر سنگھ دھونی اور ساتویں نمبر پر شکھر دھون ہیں اور ان دونوں میں صرف 11 پوائنٹس کا فرق ہے۔ بولرس میں آف اسپنر روی چندرن اشون جو ٹسٹ بولنگ میں سرفہرست ہیں ، انہیں ونڈے بولنگ میں 10 واں مقام حاصل ہے اور وہ ٹاپ 5 میں واپسی کیلئے پوری کوشش کریں گے۔ اس کے لئے انہیں جنوبی آفریقہ کے پانچویں رینک پر ڈیل اسٹین کو 42 پوائنٹس سے پیچھے کرنا ہوگا۔ ہندوستانی فاسٹ بولر بھونیشور کمار 14 ویں مقام پر ہیں اور اشون سے 43 پوائنٹس پیچھے ہیں۔دیگر بولرس جو اپنے موجودہ پوزیشن میں مزید بہتری لا سکتے ہیں ان میں فالکنر ( 22 وا ں رینک) ، رویندر جڈیجہ (25)، اکشر پٹیل (30) اور اومیش یادو (37) شامل ہیں۔ آل راؤنڈرس کیلئے رینکنگ میں چوتھے نمبر پر میکس ویل اور پانچویں مقام پر فالکنر کی کوشش یہ ہوگی کہ وہ سری لنکا کے تلک رتنے دلشان سے یہ پوزیشن حاصل کریں جبکہ آل راؤنڈرس میں شکیب الحسن (بنگلہ دیش) سرفہرست ہیں۔

TOPPOPULARRECENT