Tuesday , April 24 2018
Home / کھیل کی خبریں / ہندوستان کو دوسرے ٹسٹ میں کامیابی کیلئے 287 رنز کا نشانہ

ہندوستان کو دوسرے ٹسٹ میں کامیابی کیلئے 287 رنز کا نشانہ

سنچورین۔16 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو سنچیورین میں کھیلے جارہے دوسرے ٹسٹ میں کامیابی اور سیریز 1-1 سے برابر کرنے کیلئے 287 رنز کا نشانہ ملا ہے جیسا کہ ہندوستانی بولروں نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی آفریقہ کو دوسری اننگز میں 258 رنز تک محدود رکھا جس میں محمد سمیع 49 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ قبل ازیں جنوبی آفریقہ کے اسٹار بیٹسمین اے بی ڈی ویلیئرس کی ٹیم کو بحران سے نکالنے والی ایک اور اننگز کی بدولت جنوبی آفریقہ نے یہاں کھیلے جارہے دوسرے ٹسٹ کے چوتھے دن نہ صرف اپنا موقف مستحکم کرلیا ہے بلکہ ہندوستان کو اس ٹسٹ میں ناکامی سے بچنے کیلئے جدوجہد کرنے پر بھی مجبور کردیا ہے۔ ڈی ویلیئرس نے 121 گیندوں میں 10 چوکوں کی مدد سے 80 رنز اسکور کرنے کے علاوہ ساتھی کھلاڑی و بائیں ہاتھ کے اوپنر ڈین ایلگر کے ہمراہ تیسری وکٹ کیلئے 141 رنز بناتے ہوئے ٹیم کو 3/2 کی نازک صورتحال سے باہر نکالا۔ ایلگر نے 121 گیندوں میں 8 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 61 رنز اسکور کئے جبکہ دن کے آغاز پر محمد سمیع نے انتہائی بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے ڈی ویلیئرس، پھر اس کے بعد ایلگر کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ہندوستان کے خلاف شاندار ریکارڈ رکھنے والے وکٹ کیپر بیٹسمین کوئن ٹن ڈی کاک جنہوں نے 5 گیندوں میں 3 چوکے لگاتے ہوئے اپنے ارادے ظاہر کردیئے تھے انہیں 12 کے انفرادی اسکور پر ہی آؤٹ کرتے ہوئے انہیں مزید خطرہ بننے سے روک دیا۔ تادم ِ تحریر ہندوستان نے اپنی اننگز کا محتاط آغاز کرتے ہوئے 7 اوورس میں ایک وکٹ گنواتے ہوئے 11 رنز اسکور کئے ہیں ۔مرلی وجئے 9 رنز پر آؤٹ ہوئے۔

TOPPOPULARRECENT