Monday , November 20 2017
Home / Top Stories / ہندوستان کو عالمی ہوا بازی مرکز میں تبدیل کرنے کی ضرورت

ہندوستان کو عالمی ہوا بازی مرکز میں تبدیل کرنے کی ضرورت

حیدرآباد میں پانچویں انٹر نیشنل ایویشن شو کا افتتاح،85انٹر نیشنل طیاروں کا 40ممالک سے رابطہ۔ صدر جمہوریہ کا خطاب

حیدرآباد۔/16مارچ، ( سیاست نیوز) صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے آج زور دے کر کہا کہ ہندوستان کو عالمی ہوا بازی مرکز میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ہوا بازی شعبہ اور اس سے وابستہ افراد پر زور دیا کہ وہ اس صنعت کو ترقی دینے کے موقع سے استفادہ کریں۔ بیگم پیٹ ایر پورٹ پر پانچویں انٹر نیشنل ایویشن شو کا افتتاح کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے توقع ظاہر کی کہ  ہندوستان ہوا بازی صنعت میں دنیا میں تیسرے مقام پر پہنچ جائے گا۔ اس وقت ہندوستان دنیا کی ہوا بازی صنعت میں 9واں مقام رکھتا ہے۔ اس افتتاحی تقریب میں وزیر شہری ہوا بازی اشوک گجپتی راجو، گورنر ای ایس ایل نرسمہن، چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور دیگر بھی موجود تھے۔ صدر جمہوریہ نے 200مندوبین اور 25ملکوں کے نمائندوں کے درمیان تقریر کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں ہوا بازی صنعت کو زبردست فروغ حاصل ہورہا ہے۔ ہندوستانی ہوا بازی شعبہ میں غیر معمولی ترقی کے باوجود ہندوستان دوسرے اور تیسرے درجہ کے شہروں تک رابطہ قائم کرنے میں ناکام ہے۔

شمال مشرقی ریاستوں کو بھی ہوا بازی صنعت نہیں پہنچ پائی ہے۔ یہ صنعت متوسط آمدنی رکھنے والے گروپس کی رسائی سے بھی دور ہے۔ ہوا بازی صنعت میں انفراسٹرکچر کی وجہ سے متوسط آمدنی رکھنے والے گروپ ہوائی سفر کرنے سے قاصر ہیں۔  حکومت نے گرین فیلڈ ایرپورٹ پراجکٹس میں صدفیصد ایف ڈی آئی کی اجازت دی ہے۔ ہیلی کاپٹر خدمات اور سمندری طیاروں کے علاوہ 49فیصد اندرون ملک سفر کرنے والے مسافروں اور دیگر خدمات میں بھی سرمایہ کاری  مشغول کی جائے گی۔ ہندوستان کا ہوا بازی شعبہ اندرون ملک پروازوں کے علاوہ 85انٹرنیشنل ایر لائنس سرویس رکھتا ہے جو 40ممالک سے رابطہ قائم رکھا ہے۔ ان میں 14فیصد ترقی ہورہی ہے اور 2015میں ہی 190ملین مسافروں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچایا گیا۔ توقع ہے کہ آنے والے 2020تک 800پروازوں کی توقع ہے اور اس کے ذریعہ 421ملین مسافر ایک مقام سے دوسرے مقام کو پہنچیں گے۔ ان پانچ سالوں میں متوسط آمدنی رکھنے والے گروپ کی 60فیصد ترقی ہوگی اور 2016میں 270ملین آبادی ہے اور آنے والے برسوں میں کم کرایوں میں ہوائی سفر آسان ہوجائے گا۔ صدر جمہوریہ نے عالمی سطح کے ایر لائنز مالکین سے اپیل کی کہ وہ اس موقع سے استفادہ کرتے ہوئے ہوا بازی صنعت میں طویل مدتی شراکت داری کی قیادت کریں۔ صدر جمہوریہ نے توقع ظاہر کی کہ ہوا بازی صنعت کا شعبہ ہندوستان میں تیزی سے ترقی پائے گا۔ چیف منسٹر چندر شیکھرراؤ نے اعتماد کا اظہار کیا کہ حیدرآباد میں منعقد ہونے والا  پانچ روزہ 5واں انٹر نیشنل ایویشن شو کامیاب ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT