Monday , December 11 2017
Home / Top Stories / ہندوستان کو ویسٹ انڈیز میں تاریخ ساز ٹسٹ سیریز کامیابی

ہندوستان کو ویسٹ انڈیز میں تاریخ ساز ٹسٹ سیریز کامیابی

دوسرے ٹسٹ میں بھی مہمان ٹیم 237 رنز سے فاتح

گراس آئیلیٹ ۔ 14 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے ایک اور شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسرے ٹسٹ میں ویسٹ انڈیز کو 237 رنز سے شکست دیتے ہوئے 4 ٹسٹ مقابلوں کی سیریز میں 2-0 کی تاریخ ساز سبقت حاصل کرلی ہے۔ تیسرے ٹسٹ کا تیسرا دن مکمل بارش کی نذر ہوگیا تھا۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو 47.3 اوورس میں 108 رنز پر ڈھیر کردیا جوکہ 87 اوورس میں 346 رنز کا تعاقب کررہی تھی۔ دلچسپ پہلو یہ ہے کہ ہندوستانی ٹیم نے گزشتہ چھ دہوں کے دوران پہلی مرتبہ ویسٹ انڈیز میں ایک سے زائد ٹسٹ مقابلوں میں فتوحات حاصل کی ہیں۔ سابق میں مہمان ٹیم کو سیریز میں جو تین فتوحات حاصل ہوئی تھیں، وہ 1971ء، 2006ء اور 2011ء میں درج کی گئی تھیں، لیکن یہ تمام فتوحات 1-0 کے فرق سے حاصل ہوئی تھیں۔ ہندوستان کیلئے پہلی اننگز میں بھونیشور کمار ہیرو ثابت ہوئے تو دوسری اننگز میں محمد سمیع نے 11 اوورس میں 15 رنز دے کر 3 اور ایشانت شرما نے 7 اوورس میں 30 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں  اور ویسٹ انڈیز کو شدید نقصان پہنچایا۔ دیگر بولروں میں بھونیشور کمار نے 13 اور روی چندرن اشون نے 28 رنز کے عوض فی کس ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ اس ٹسٹ مقابلے کیلئے ٹیم میں شامل کئے گئے آل راؤنڈر روی چندرن اشون نے بھی 20 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔ ویسٹ انڈیز کیلئے تنہا جدوجہد ڈیرن براویو نے کی جنہوں نے اعظم ترین انفرادی اسکور 59 رنز بنائے۔ ہندوستان کے لئے تاریخی لمحہ اس وقت آیا جب جڈیجہ کی بولنگ پر حریف بیٹسمین شنان گیابرل نے ڈیپ مڈ وکٹ پر بھونیشور کمار کو کیچ دے بیٹھے جس کے بعد کپتان ویراٹ کوہلی نے اپنے ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ جشن کا آغاز کیا۔

قبل ازیں ہندوستانی ٹیم نے صبح کے سیشن میں 7 اوورس کی بیٹنگ کرنے کے بعد 217/7 کے مجموعی اسکور پر دوسری اننگز ختم کرنے کا اعلان کیا، نیز اجنکیا راہنے 116 گیندوں میں ناقابل تسخیر 78 رنز بنائے۔ کھانے کے وقفہ سے قبل ہندوستانی بولروں نے 20 اوورس کی بولنگ کرتے ہوئے نہ صرف ویسٹ انڈیز کو 53 رنز ہی بنانے کا موقع دیا بلکہ ابتدائی تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ بھی دکھا دی۔ کھانے کے وقفہ کے بعد ہندوستانی بولروں نے محض 55 رنز دے کر ماباقی 7 وکٹیں بھی حاصل کرلیں۔ایک موقع پر براویو اور راسٹن چیس (10) ، کی بیٹنگ کے وقت ایسا لگ رہا تھا کہ یہ دو بیٹسمین ہندوستانی ٹیم کو کامیابی حاصل کرنے میں کسی قدر جدوجہد کروانے پر مجبور کریں گے لیکن کھانے کے وقفہ کے بعد ایشانت شرما اور بھونیشور کمار کی شاندار بولنگ کی وجہ سے انہیں کافی جدوجہد کرنی پڑی۔ ہندوستانی ٹیم نے آج اپنے کھیل کا آغاز 157/3 سے کیا تھا ۔ روہت شرما 3 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 41 رنز بناکر رہانے کا ساتھ چھوڑ دیا جس کے بعد ویریدھیمان ساہا بھی 14 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ ویسٹ انڈیز کیلئے مگول کمنس نے اپنے کریر کی شاندار بولنگ کرتے ہوئے 48 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کمنس نے پہلی مرتبہ ٹسٹ مقابلے میں 5 یا اس سے زائد وکٹس حاصل کرنے کا کارنامہ انجام دیا ہے۔ ان کا پانچواں شکار رویندر جڈیجہ (16) بنے۔

TOPPOPULARRECENT