Monday , July 16 2018
Home / کھیل کی خبریں / ہندوستان کو ویٹ لفٹنگ میں چوتھا گولڈ میڈل

ہندوستان کو ویٹ لفٹنگ میں چوتھا گولڈ میڈل

گولڈ کوسٹ۔7 اپریل(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے وینکٹ راہل رگالا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کو21 ویں دولت مشترکہ کھیلوں کے ویٹ لفٹنگ مقابلے کے مردوں کے 85 کلوگرام زمرے میںآج گولڈ میڈل دلا دیا۔ہندوستان کا ان کھیلوں کے تیسرے دن یہ دوسرا گولڈ میڈل ہے۔ اس سے قبل ستیش کمار شولنگم نے 77 کلوگرام میں گولڈ میڈل جیتا ۔ ہندوستان نے ان کھیلوں میں یہ چوتھا گولڈ میڈل حاصل کیا اور پچھلے گلاسگو دولت مشترکہ کھیلوں کے تین گولڈ میڈلس کی تعداد کو پیچھے چھوڑ دیا۔ ہندوستان کو ان کھیلوں میں اب تک کل چھ میڈلس حاصل ہوئے ہیں اور یہ سبھی میڈلس ویٹ لفٹنگ میں ملے ہیں۔وینکٹ نے کل 338 کلوگرام وزن اٹھاکر گولڈ میڈل جیتا۔ انہوں نے اسنیچ میں 151 کلوگرام اور کلین اینڈ جرک میں 187 کلوگرام وزن اٹھایا۔ ان کا کل وزن 338 کلوگرام رہا۔ سموا کے ڈان اوپیلوگ نے 331 کلوگرام وزن اٹھاکر سلور اور ملیشیا کے محمد فضل نے 328 کلوگرام وزن اٹھاکر برونزمیڈلس جیتا۔وینکٹ نے اسنیچ میں 147 کلوگرام سے شروعات کی۔ ان کی دوسری لفٹ ناکام رہی جس میں وہ 151 کلوگرام وزن نہیں اٹھا پائے ۔ لیکن تیسری کوشش میں انہوں نے 151 وزن اٹھالیا۔ کلین اینڈ جرک میں ان کی شروعات 182 سے رہی۔ دوسری لفٹ میں انہوں نے 187 کلوگرام وزن اٹھایا۔ تیسری اور آخری کوشش میں وہ 191 کلوگرام وزن نہیں اٹھا پائے لیکن تب تک وہ اپنے لئے گولڈ میڈل یقینی کرچکے تھے ۔گولڈ میڈل یقینی ہونے کے باوجود وینکٹ نے سموا کے ڈان کی آخری لفٹ تک کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔ ڈان دوسری کوشش میں 188 کلوگرام وزن نہیں اٹھا پائے تھے اور تیسری کوشش میں 191 کی کوشش کررہے تھے جس میں وہ ناکام رہے ۔ ڈان کی کوشش ناکام ہوتے ہی وینکٹ نے اپنی جیت کا جشن منایا اور اپنے کوچوں کے پیر چھوکر ان کا آشیرواد لیا۔وینکٹ کے جیتنے کے کچھ دیر بعد ہی ہندوستانی ترنگا لہرانے لگا۔ ہندوستانی کھیلوں کے لئے یہ یادگار لمحہ تھا کہ ایک ہی دن میں گولڈ کوسٹ میں دو مرتبہ قومی ترانہ بجا۔

TOPPOPULARRECENT