Monday , November 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہندوستان کیخلاف پہلا مقابلہ ،سرفراز احمد تیزابی امتحان

ہندوستان کیخلاف پہلا مقابلہ ،سرفراز احمد تیزابی امتحان

کراچی۔ 28 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی ٹیم کے نئے کپتان سرفراز احمد کو آئی سی سی چمپین ٹروفی میں تیزابی امتحان کا سامنا رہے گا جس میں اس ٹیم کا پہلا مقابلہ 4 جون کو روایتی دیرینہ حریف ہندوستانی ٹیم سے ہوگا۔ اس ٹروفی میں کھیلنے کیلئے بڑی مشکل سے کوالیفائی ہونے والی اس ٹیم کو حالیہ عرصہ کے دوران ونڈے انٹرنیشنل کے فارمیٹ میں سخت جدوجہد سے گذرنا پڑا ہے چنانچہ چمپینس ٹرافی میں بھرپور مسابقت کی اہل ثابت کرنے کے لئے پاکستانی ٹیم کو بالخصوص بیٹنگ آرڈر میں موجود خامیوں کو دور کرنا ہوگا۔ ہندوستانی ٹیم اس ٹورنمنٹ کی دفاعی چمپین ہے اور یہ بھی اتفاق ہے کہ 4 جون کو پاکستان کا پہلا مقابلہ برمنگھم میں ہندوستان سے ہی ہوگا۔ پاکستانی ٹیم 2015ء ورلڈ کپ کے پہلے راؤنڈ میں ہی مقابلے سے خارج ہوگئی تھی جس کے بعد سے پیدا شدہ انحطاط سے باہر نکلنے کی سخت کوشش کی جائے گی۔ آل راؤنڈر شاہد آفریدی اور کپتان مصباح الحق بھی ونڈے کے منظر سے اوجھل ہوچکے ہیں۔ ٹسٹ اسپیشلسٹ اظہر علی کی قیادت میں بنگلہ دیش میں 3-0 وائیٹ واش اور انگلینڈ و آسٹریلیا کے مقابلے 4-1 سے شکست کے بعد سرفراز احمد کو ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے۔ وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز نے اپنی قیادت میں کھیلے جانے والے پہلے چار کھیلوں کے منجملہ 3 میچوں میں پاکستان کو کامیابی دلاتے ہوئے اپنی ٹیم میں ایک نئی توانائی پیدا کی ہے۔ سرفراز کی قیادت میں پاکستان نے طاقتور ویسٹ انڈیز کے خلاف دو اور نسبتاً کمزور سمجھی جانے والی زمبابوے ٹیم کے خلاف ایک کامیابی حاصل کی ہے لیکن سابق  کپتان رمیز راجہ سمجھتے ہیں کہ اس ٹیم میں طوفانی بیٹنگ کی صلاحیتوں اور مہارت کی ضرورت ہے جس کے ذریعہ محدود اوور کی کرکٹ میں سرکردہ ٹیموں کو شکست دی جاسکتی ہے۔ ماہر و تجربہ کار آل راؤنڈر شعیب ملک اور عماد وسیم کیلئے بھی یہ ضروری ہوگا کہ وہ اپنی ٹیم کے بیٹنگ لائن اپ کو حوصلہ بخشیں اور اچھی بنیاد کے ذریعہ مستحکم سہارا دیں۔ سرفراز نے کہا کہ ہندوستان کے خلاف پاکستان کا پہلا مقابلہ ہی ماباقی ٹورنمنٹ کیلئے ان کی ٹیم کا انداز طئے کردے گا۔ پاکستانی ٹیم کا دوسرا مقابلہ 7 جون کو برمنگھم میں  جنوبی افریقہ ، تیسرا 11 جون کو کارڈیف میں سری لنکا سے ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT