Thursday , November 23 2017
Home / Top Stories / ہندوستان کی تمام ریاستوں میں پرجوش یوم آزادی تقاریب

ہندوستان کی تمام ریاستوں میں پرجوش یوم آزادی تقاریب

اکادکا بم دھماکوں کے ناخوشگوار واقعات کے سوائے تقاریب پرامن، چیف منسٹروں کے کئی فلاحی اسکیموں کے اعلانات
نئی دہلی ۔ 15 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کی تمام ریاستوں میں 70 ویں یوم آزادی تقاریب پورے جوش و خروش اور خوشی و مسرت کے ساتھ منائی گئیں۔ اکادکا بم دھماکوں کے واقعات اور علحدگی پسندوں کی ہڑتال کے اعلان کے باوجود تقریبات پرامن رہیں۔ آسام اور منی پور بم دھماکوں سے دہل گئے۔ تاہم کسی بھی ریاست سے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ تمام ریاستوں کے چیف منسٹروں نے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے یوم آزادی کے موقع پر اسکیموں کا اعلان کیا۔ چیف منسٹر اروناچل پردیش پیماکھنڈو نے تیقن دیا کہ وہ ریاست میں امن اور خوشحالی کو یقینی بنائیں گے۔ آسام کے علاقہ تن سکھیا میں بم دھماکہ سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ چیف منسٹر آسام سروانندا سونووال نے تیقن دیا کہ شہریوں کا قومی رجسٹر 2017ء تک تازہ ترین بنادیا جائے گا۔ بہار میں چیف منسٹر نتیش کمار نے کئی ترقیاتی پراجکٹس اور اسکیموں کا اعلان کیا اور حکومت کی جانب سے 7 عہد منظور کرنے کا انکشاف کیا۔ ریاست جھارکھنڈ کے چیف منسٹر رگھوبرداس نے اظہارمسرت کیا کہ ریاست پورے ملک کے ساتھ ’’وکاس یاترا‘‘ (ترقی کے سفر) پر رواں ہوچکی ہے۔ چیف منسٹر کرناٹک سدارامیا نے کہا کہ دلتوں، اقلیتوں اور خواتین پر مظالم ملک کیلئے شرمناک ہیں۔ آزادی کے موقع پر انتشاری طاقتوں کے خلاف مہم کا آغاز کرنا ضروری ہے۔ چیف منسٹر کیرالا پینارائی وجین نے کہا کہ دہشت گردی اور فرقہ پرست طاقتوں سے چوکس رہنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہی دونوں پورے ملک کیلئے انتہائی خطرناک ہیں۔ چیف منسٹر مدھیہ پردیش شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ انہوں نے 22 ہزار میگاواٹ بجلی کی 2022ء تک پیداوار کا پرعزم نشانہ مقرر کیا ہے اور انہیں یقین ہیکہ اس نشانہ کو حاصل کرلیا جائے گا۔ مہاراشٹرا کے چیف منسٹر دیویندر فرنویس نے آج 34 لیباریٹریز کے آغاز کا اعلان کیا جو ملک ریاست کے مختلف علاقوں میں قائم کی جائیں گی تاکہ سائبرجرائم کے خلاف مؤثر کارروائی کی جاسکے۔ منی پور میں عسکریت پسندوں نے بند کی اپیل کی تھی اور دو بم دھماکے بھی ترقی یافتہ دھماکو آلات کے ذریعہ سے کئے گئے تھے۔ تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی اور یوم آزادی تقریب پرامن طور پر اختتام پذیر ہوئی۔ چیف منسٹر اوکرام ابوبی سنگھ نے ترنگا لہرایا۔ میزورام کو ملک کی پرامن ترین ریاست قرار دیتے ہوئے چیف منسٹر لال تن حولہ نے یوم آزادی تقریب میں فخر کا اظہار کیا۔ ناگالینڈ میں ریاست کے مسئلہ کی عاجلانہ یکسوئی کا چیف منسٹر نے اعلان کیا۔ اوڈیشہ کی حکومت نے دریائے مہانندی تنازعہ کی یکسوئی کا تیقن دیا۔

TOPPOPULARRECENT