Friday , December 15 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہندوستان کی سنچریوں اور آسٹریلیا کی فتوحات کا سلسلہ جاری

ہندوستان کی سنچریوں اور آسٹریلیا کی فتوحات کا سلسلہ جاری

during the Victoria Bitter One Day International match between Australia and India at Manuka Oval on January 20, 2016 in Canberra, Australia.

کوہلی اور دھون کی سنچریاں رائیگاں، مہمان ٹیم کو 25 رنز کی شکست

کینبرا 20 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ٹیم جوکہ ایک تاریخ ساز کامیابی کی سمت بہ آسانی آگے بڑھ رہی تھی لیکن اچانک 46 رنز کے اضافہ پر 9 وکٹوں کے زوال نے اِسے ایک کارنامہ انجام دینے نہیں دیا حالانکہ بائیں ہاتھ کے اوپنر شکھر دھون اور ویراٹ کوہلی نے سنچریاں اسکور کرتے ہوئے آسٹریلیا کی جانب سے کامیابی کے لئے دیئے جانے والے 349 رنز کے ہمالیائی اسکور کو آسان کردیا تھا۔ ہمالیائی اسکور کے تعاقب میں ایک موقع پر ہندوستانی ٹیم 37.2 اوورس میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 277 رنز اسکور کرلئے تھے اور اِس موقع پر ہندوستان کی ایک شاندار کامیابی یقینی دکھائی دے رہی تھی لیکن فاسٹ بولر جان ہاسٹن کی گیند پر جارج بیلی نے دھون کا کیچ پکڑتے ہوئے اِس پارٹنرشپ کو توڑا۔ قبل ازیں روہت شرما نے 25 گیندوں میں 2 چوکوں اور 3 چھکوں پر مشتمل اپنی اننگز میں 41 رنز اسکور کرتے ہوئے پہلی وکٹ کے لئے 65 رنز کی پارٹنرشپ نبھائی جوکہ صرف 8 اوورس میں بنے تھے۔ دوسری وکٹ کے لئے دھون اور کوہلی نے 7.18 رنز کی اوسط سے 212 رنز اسکور کئے لیکن یکے بعد دیگرے وکٹوں کے زوال کی وجہ سے ہندوستان کو 25 رنز کی شکست برداشت کرنی پڑی۔ پانچ مقابلوں کی رواں سیریز میں یہ ہندوستان کی متواتر چوتھی شکست ہے جبکہ اسٹیو اسمتھ کی زیرقیادت آسٹریلیائی ٹیم نے گھریلو میدانوں پر متواتر اٹھارویں کامیابی کا ریکارڈ بنالیا ہے۔ دھون نے 113 گیندوں میں 14 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 126 رنز اسکور کئے جبکہ کوہلی نے 92 گیندوں میں 106 رنز بنائے جس میں 11 چوکوں اور ایک چھکا شامل ہے۔ دھون کے آؤٹ ہونے کے فوری بعد نمبر 4 پر بیاٹنگ کرنے آئے کپتان مہندر سنگھ دھونی 3 گیندوں کا سامنا کرنے کے باوجود بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ مڈل آرڈر میں رویندر جڈیجا 27 گیندوں میں 24 رنز اسکور کئے جوکہ ٹیم کے لئے چوتھا اعظم ترین انفرادی اسکور رہا۔ آسٹریلیا کو ڈرامائی کامیابی دلوانے میں کین رچرڈسن کا مظاہرہ کلیدی رہا جنھوں نے 68 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جس پر انھیں مین آف دی میاچ قرار دیا گیا۔ سیریز میں پہلی مرتبہ ٹاس جیت کر آسٹریلیائی ٹیم نے بیاٹنگ کا فیصلہ کیا جس پر ڈیوڈ وارنر اور آرون فنچ نے پہلی وکٹ کے لئے 29.3 اوورس میں 187 رنز بنائے۔ وارنر 92 گیندوں میں 93 رنز کی اننگز کے دوران 12 چوکے اور ایک چھکا لگایا جبکہ فنچ نے 107 گیندوں میں 9 چوکوں اور 2 چھکوں پر مشتمل اپنی اننگز میں 107 رنز بنائے۔ مچل مارش کو نمبر 3 پر بیاٹنگ کے لئے روانہ کیا گیا جنھوں نے 42 گیندوں میں 33 رنز بنائے جبکہ اسمتھ نے چوتھے نمبر پر کھیلتے ہوئے 29 گیندوں میں 4 چوکوں اور 3 چھکوں پر مشتمل اپنی اننگز میں 51 رنز اسکور کئے۔ ہندوستان کو سب سے زیادہ نقصان میکس ویل نے پہنچایا جنھوں نے محض 20 گیندوں پر مشتمل اپنی اننگز میں 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناقابل تسخیر 41 رنز اسکور کئے۔ ہندوستان کے لئے یادو نے 3 اور شرما نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

TOPPOPULARRECENT