Tuesday , February 20 2018
Home / Top Stories / ہندوستان کی مثالی ترقی، مودی کی بہترین کارکردگی : ٹرمپ

ہندوستان کی مثالی ترقی، مودی کی بہترین کارکردگی : ٹرمپ

دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت میں وسیع اوسط طبقہ کیلئے بے پناہ مواقع، ایپک سے امریکی صدرکا خطاب
نئی دہلی ۔ 10 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ہندوستان کی اپنی معیشت کو فراخدلانہ بنانے کے بعد کی گئی غیرمعمولی ترقی کی زبردست ستائش کی۔ انہوں نے اس ضمن میں وزیراعظم نریندرمودی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس بڑے ملک اور اس کے عوام کو متحد رکھنے کیلئے کامیابی کے ساتھ کام کررہے ہیں۔ ویتنام کے تفریحی مقام پر سالانہ ایشیاء۔ بحرالکاہل اقتصادی تعاون چوٹی کانفرنس کے موقع پر ٹرمپ آج مختلف صنعتوں اور اداروں کے سربراہان کے اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ ٹرمپ نے کہا کہ اس تنظیم کے باہر کے چند ممالک بھی ہند ۔ بحرالکاہل کیلئے اس نئے باب میں کئی اہم کامیابیاں حاصل کرچکے ہیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ ہندوستان اپنی آزادی کی 70 ویں سالگرہ منارہا ہے۔ 1.3 ارب آبادی کے ساتھ یہ ایک خودمختار ملک اور دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت بھی ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ ’’ہندوستان نے اپنی معیشت کو جب سے آزاد اور فراخدلانہ بنایا ہے، اس نے غیرمعمولی ترقی حاصل کی ہے اور توسیع پذیر اوسط آمدنی والے طبقہ بہترین موقعوں کی جیسے ایک نئی دنیا امریکی صدر نے کہا کہ ’’اور وزیراعظم (نریندر) مودی اس بڑے ملک اور اس کے تمام عوام کو متحد رکھنے کیلئے کام کررہے ہیں اور بلاشبہ وہ بڑی کامیابی کے ساتھ یہ کام کررہے ہیں‘‘۔ وزیراعظم مودی ہند ۔ آسیان اور مشرقی ایشیاء چوٹی کانفرنسوں میں شرکت کیلئے اتوار کو فلپائن روانہ ہورہے ہیں۔ مشرقی ایشیاء چوٹی کانفرنس میں ٹرمپ کی شرکت بھی مقرر ہے۔ ٹرمپ نے ہند۔ بحرالکاہل کا تذکرہ کیا، جس سے یہ قیاس آرائیاں کی جانے لگی ہیں کہ چین کے بڑھتی ہوئی طاقت و ترقی کا مقابلہ کرنے کیلئے ٹرمپ انتظامیہ اب امریکہ، جاپان، آسٹریلیا اور ہندوستان کے درمیان حکمت عملی کے چہار فریقی اتحاد کا احیاء کرنے کی تجویز پر سرگرمی سے غور کررہا ہے۔

TOPPOPULARRECENT