Thursday , December 14 2017
Home / Top Stories / ہندوستان کے اسرائیل سے روابط ، القدس یونیورسٹی طلباء کا مظاہرہ

ہندوستان کے اسرائیل سے روابط ، القدس یونیورسٹی طلباء کا مظاہرہ

صدرجمہوریہ پرنب مکرجی کشیدہ صورتحال کے باعث جواہرلال نہرو اسکول کا افتتاح نہ کرسکے

ابودس (فلسطین) 13 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) القدس یونیورسٹی کیمپس میں ہزاروں فلسطینی طلباء نے ہندوستان کے اسرائیل کے ساتھ بڑھتے روابط کے خلاف نعرے لگائے۔ تاہم صدرجمہوریہ پرنب مکرجی کو اس یونیورسٹی سے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دی گئی۔ مشرقی یروشلم میں جیسے ہی صدرجمہوریہ پرنب مکرجی یونیورسٹی کیمپس سے جانے لگے، طلباء نے پلے کارڈس تھامے ان کے خلاف نعرے لگائے۔ پلے کارڈس پر یہ نعرے بھی درج تھے کہ ’’ہندوستان تم کیوں قابضین (اسرائیل) کے ساتھ تعاون کرتے ہو‘‘ اور ’’صدرجمہوریہ آپ فلسطینیوں کا قتل کرنے والوں کے خلاف خاموش نہ رہیں‘‘۔ یہ مظاہرہ ایسے وقت ہوا جبکہ فلسطین اور اسرائیل کے مابین کشیدگی کافی بڑھ گئی ہے اور کئی فلسطینیوں کو ہلاک کیا جاچکا ہے۔ پرتشدد واقعات آج بھی پیش آئے۔ یونیورسٹی آڈیٹوریم میں پرنب مکرجی کی ’’امن کے پیامبر‘‘ کی حیثیت سے سراہنا کی گئی اور جب صدرجمہوریہ نے یہ کہاکہ ہندوستان فلسطین کی ممکنہ مدد کرے گا تو سارا ہال تالیوں سے گونج اُٹھا۔ یونیورسٹی تقریب کے بعد صدرجمہوریہ پرنب مکرجی جواہرلال نہرو سے موسوم سکینڈری اسکول فار بوائز کا افتتاح کرنے والے تھے، لیکن کشیدہ صورتحال کے باعث یہ تقریب منسوخ کردی گئی۔ اس کے فوری بعد پرنب مکرجی ذریعہ سڑک اسرائیل کے دورہ پر روانہ ہوگئے جو بالکل قریب واقع ہے۔ کسی ہندوستانی صدر کا یہ پہلا دورہ اسرائیل ہے۔ قبل ازیں یونیورسٹی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدرجمہوریہ نے کہاکہ مشرق وسطیٰ علاقہ میں امن و استحکام ہندوستان کے مفاد میں ہے اور انھوں نے فلسطین کے ساتھ تاریخی روابط کو مزید مستحکم بنانے کے لئے تین بنیادوں پر مبنی لائحہ عمل کی تجویز پیش کی۔ اس کے ساتھ ساتھ دوسرے انفارمیشن ٹیکنالوجی سنٹر کے غزہ میں تعمیر کا اعلان کیا۔ پرنب مکرجی فلسطین کا دورہ کرنے والے ہندوستان کے پہلے صدر ہیں۔ اُنھوں نے فلسطین کے لئے انڈین ٹکنیکل اینڈ اکنامک کارپوریشن اسکالرشپ میں اضافہ اور اِسے 100 تک پہونچا دینے کا بھی اعلان کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ القدس یونیورسٹی میں انڈیا چیر کے قیام کا بھی اعلان کیا۔ صدرجمہوریہ کو اتوار کو عمان کو اردن یونیورسٹی کی جانب سے پولٹیکل سائنس میں اعزازی ڈگری دی گئی تھی۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT