Tuesday , November 21 2017
Home / دنیا / ہندوستان کے یوم آزادی پر وزیراعظم کینیڈا اور امریکی سینیٹرس کی مبارکباد

ہندوستان کے یوم آزادی پر وزیراعظم کینیڈا اور امریکی سینیٹرس کی مبارکباد

واشنگٹن ؍ ٹورنٹو ۔ 16 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کی 70 ویں یوم آزادی کے موقع پر امریکی قانون سازوں نے زبردست مبارکباد پیش کرتے ہوئے یہ خیال ظاہر کیا کہ ہندوستان کا موقف عالمی سطح پر انتہائی مستحکم ہوچکا ہے اور علاقائی طور پر اس کا موقف خوب سے خوب تر کی جانب گامزن ہے۔ ڈیموکریٹک سینیٹر رابرٹ میننڈیز جن کا تعلق نیوجرسی سے ہے، نے کہا کہ اس سال ہندوستان کی یوم آزادی پر ہمیں مبارکباد پیش کرنے میں اس لئے فخر محسوس ہورہا ہے کیونکہ یہ نہ صرف ہندوستان کی بہترین ثقافت کو سلام کرنے کے مترادف ہے بلکہ ہندوستان کے روشن مستقبل اور ہند ۔ امریکہ تعلقات میں استحکام کو بھی سلام کرنے کے مترادف ہے۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستان کثیرالمذاہب پر مشتمل آبادی والا ایک جمہوری ملک ہے جس نے گذشتہ 20 سالوں میں زبردست معاشی ترقی کی ہے اور نہ صرف علاقائی طور پر بلکہ عالمی سطح پر بھی اپنی اہمیت کو منوایا ہے۔

کانگریس مین گریگوری میکس نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان آج اپنی 70 ویں یوم آزادی تقریبات منارہا ہے، جس پر ہم تہہ دل سے مبارکباد دیتے ہیں۔ الینائے کے سینیٹر مارک کرک نے کہا کہ کرہ ارض پر سب سے بڑے جمہوری ملک کو اس کی 70 ویں یوم آزادی پر بہت بہت مبارکباد۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ہند ۔ امریکہ تعلقات میں مزید استحکام پیدا ہوگا۔ دوسری طرف کینیڈا نے بھی ہندوستان کی 70 ویں یوم آزادی کے موقع پر مبارکباد پیش کی۔ وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ ہم ہندوستان اور ہندوستانی عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ وزیراعظم ہند نریندر مودی سے ملاقات یقینا ایک خوشگوار تجربہ ہوگا اور میں اس بات کا  منتظر ہوں کہ نریندر مودی سے ملاقات کے بعد دونوں ممالک سیکوریٹی، امن، موسمی تغیر اور دیگر عالمی امور پر بات چیت کرتے ہوئے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT