Saturday , November 25 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہندوستان گال ٹسٹ میں سری لنکا پر مکمل حاوی

ہندوستان گال ٹسٹ میں سری لنکا پر مکمل حاوی

کوہلی کی ٹیم کو پہلی اننگز میں 192 رنز کی سبقت ۔ میزبانوں کا دوسری اننگز میں اسکور 5/2

گال ، 13 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے سری لنکا کے خلاف جاری پہلے کرکٹ ٹسٹ کے دو یوم کی تکمیل پر ہی میچ پر گرفت بہت مضبوط کرلی جیسا کہ اوپنر شکھر دھون (134) اور ویراٹ کوہلی (103) کی سنچریوں کے ساتھ تیسری وکٹ کیلئے 227 رنز کی زبردست رفاقت نے پہلی اننگز میں ٹیم کیلئے 192 رنز کی قیمتی سبقت یقینی بنائی اور پھر میزبانوں نے دن کے آخری مرحلے میں محض چار اوورز کے کھیل میں اپنے اوپنرز گنواتے ہوئے انجیلو میتھیوز زیرقیادت ٹیم کا مزید نقصان کیا۔ نائٹ واچمین دمیکا پرساد (3) اور اسٹار بیٹسمن کمار سنگاکارا (1) ناٹ آؤٹ ہیں، اور کل سے اُن کے سامنے پہاڑ جیسے حالات ہوں گے۔ آج کا دن شروع سے آخر تک ہندوستان کے نام رہا۔ کوہلی اور دھون کی شاندار بیٹنگ ہوئی ، وکٹ کیپر وردھیمان ساہا (60) نے ہاف سنچری بنائی اور پھر اسپنرز کی عمدہ شروعات نے سری لنکا کو چاروں خانے چت رکھا۔

صبح میں کوہلی اور دھون ٹیم کے کل کے اسکور 128/2 سے آگے کھیلنا شروع کیا اور سری لنکائی بولرز پہلے سیشن میں بے بس ہی رہے۔ انڈیا نے کوئی وکٹ گنوائے بغیر 227/2 پر لنچ کیا۔ البتہ دوسرے سیشن میں میزبانوں نے چار وکٹیں گرائے لیکن ہندوستان نے 304/6 کے ساتھ معقول سبقت حاصل کرلی تھی، جسے آخری سیشن میں خاص طور پر ساہا نے ہاف سنچری کی اننگز کھیلتے ہوئے 192 تک پہنچا دیا۔ آخرکار 117.4 اوورز کے بعد ہندوستانی اننگز 375 پر ختم ہوئی۔ تھریندو کوشل (5/134) سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئے جبکہ نوان پردیپ نے 98 رنز کے عوض تین وکٹیں لئے۔ کپتان کوہلی نے اختراعی چال اختیار کرتے ہوئے سری لنکا کی دوسری اننگز میں ممکنہ چاروں اوورز اپنے تینوں اسپنرز کو سونپ دیئے۔ روی چندرن اشوین اور امیت مشرا نے مل کر اوپنرز دیموتھ کرونارتنے اور کوشل سلوا کو کھاتہ کھولنے نہیں دیا۔ ہربھجن سنگھ نے بھی ایک اوور پھینکا۔

TOPPOPULARRECENT