Friday , October 19 2018
Home / ہندوستان / ہندوستان 2024 تک ہندو راشٹر بن جائیگا

ہندوستان 2024 تک ہندو راشٹر بن جائیگا

خود کو ہندو کلچر میں ڈھالنے والے مسلمان ہی یہاں رہ سکتے ہیں‘ بی جے پی رکن اسمبلی یو پی کا بیان
بلیا ( یو پی ) 14 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک متنازعہ ریمارک میں بلیا ضلع میں بی جے پی کے ایک رکن اسمبلی نے کہا کہ جیسے ہی ہندوستان ’ ہندو راشٹر ‘ بن جائیگا یہاں صرف وہ مسلمان رہ سکیں گے جو خود کو ہندو کلچر میںڈھال لیں گے ۔ بائیریا کے رکن اسمبلی سریندر سنگھ نے یہاں کل شب میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صرف چند مسلمان حب الوطن ہیں۔ جیسے ہی ہندوستان ایک ہندو راشٹر بن جائیگا صرف وہی مسلمان یہاں رہیں گے جو خود کو ہندو کلچر میں ڈھال لیں گے ۔ جو ایسا نہیں کرسکتے وہ کسی اور ملک میں پناہ حاصل کرنے کو آزاد ہیں۔ انہوں نے ادعا کیا کہ 2024 تک ہندوستان ایک ہندو راشٹر بن جائیگا ۔ وزیر اعظم نریندر مودی کو ’ اوتار پروش ‘ قرار دیتے ہوئے سریندر سنگھ نے کہا کہ چونکہ 2025 میں آر ایس ایس کے 100 سال مکمل ہوجائیں گے اس لئے 2024 تک ہندوستان ایک ہندو راشٹر بن جائیگا انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور چیف منسٹر اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت کی وجہ سے ہندوستان عالمی طاقت بننے جا رہا ہے اور ہندوستان نہ صرف عالمی گرو بن جائیگا بلکہ 2024 تک یہ ہندو راشٹر بھی بن جائیگا ۔ انہوں نے کانگریس کے صدر راہول گاندھی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ راہول گاندھی کیلئے دو طرح کی اقدار ہیں۔ ایک اطالوی ہیں اور دوسری ہندوستانی ہیں۔ وہ ہندوستانی سوچ کے مشعل بردار نہیں ہوسکتے ۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی ملک کے وزیر اعظم بننے کیلئے کوئی بھی نعرہ اختیار کرسکتے ہیں لیکن ان میں ہندوستان کو مستحکم بنانے کی طاقت اور اقدار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راہول ہندوستانی و اطالوی کلچر کا امتزاج ہیں۔ انہوں نے ادعا کیا کہ کانگریس کے صدر ہندوستان اور ہندوستانیت سے واقف ہی نہیں ہیں۔

TOPPOPULARRECENT