Sunday , December 17 2017
Home / شہر کی خبریں / ہندومذہب میں ایک سے زائد شادیوں کا رجحان

ہندومذہب میں ایک سے زائد شادیوں کا رجحان

یکساں سیول کوڈ کی مذمت ، ایس جے پال ریڈی کانگریس قائد کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 19 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے سینئیر قائد سابق مرکزی وزیر مسٹر ایس جئے پال ریڈی نے یکساں سیول کوڈ کی سخت مخالفت کرتے ہوئے مسلمانوں سے زیادہ ہندو مذہب میں ایک سے زائد شادیاں کرنے کا رجحان ہونے اور ہندو خواتین مسلم خواتین سے زائد مظالم کا شکار ہونے کا دعویٰ کیا ۔ چارمینار کے دامن میں ریٹائرڈ جسٹس ایم این راؤ کو راجیو گاندھی سدبھاونا ایوارڈ پیش کرنے کے بعد منعقدہ ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق مرکزی وزیر نے کہا کہ بی جے پی اپنے سیاسی مفادات کے لیے ملک کے امن و امان کو خطرے میں ڈال رہی ہے ۔ ہندوؤں اور مسلمانوں میں دوریاں پیدا کرتے ہوئے ملک کے سیکولر ڈھانچے کو نقصان پہونچانے کی کوشش کررہی ہے جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے ۔ دستور ہند نے ملک کے تمام مذاہب کو اپنے اپنے مذہب پر قائم رہنے اور اس کی تبلیغ کرنے کی آزادی دی ہے ۔ لیکن ہندوتوا ایجنڈے کی حامل بی جے پی اکثریتی طبقہ کو لبھانے کے لیے مسلمانوں کو ہراساں و پریشان کررہی ہے ۔ اس معاملے میں کانگریس پارٹی پوری طرح مسلمانوں کے ساتھ ہے اور مستقبل میں بھی رہے گی ۔ مسٹر ایس جئے پال ریڈی نے بی جے پی کو مشورہ دیا کہ وہ پہلے ہندو مذہب میں خواتین پر ہونے والی ظلم و زیادتی اور نا انصافیوں پر سنجیدگی سے غور کریں اور اگر خواتین سے انصاف کرنا چاہتی ہے تو پہلے ہندو خواتین کے ساتھ انصاف کریں ۔ ایک سے زیادہ شادیاں مسلمانوں سے زیادہ ہندوؤں میں کی جارہی ہیں ۔ بی جے پی کے زیر قیادت این ڈی اے حکومت ملک بھر میں اس کا سروے کرائیں چونکا دینے والے انکشافات ہوں گے ۔ مسلمان سے زیادہ ہندو طبقہ ایک سے زیادہ شادیاں کررہا ہے اور مسلم خواتین سے زیادہ ہندو خواتین ظلم و ستم اور نا انصافیوں کا شکار ہیں ۔ بی جے پی اپنے ذاتی مفادات کے لیے مختلف مسائل میں الجھا کر عوام کو تقسیم کررہی ہے ۔ انہوں نے اسرائیلی فوج سے تقابل کرتے ہوئے ہندوستانی فوجیوں کی توہین کرنے کا وزیراعظم نریندر مودی پر الزام عائد کیا ۔ ملک میں قومی یکجہتی کو فروغ دینے کے لیے آنجہانی راجیو گاندھی کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو ناقابل فراموش قرار دیا ۔ اور کہا کہ راجیو گاندھی امن کا پیغام پھیلاتے ہوئے اپنی جان دی ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT