Tuesday , September 25 2018
Home / Top Stories / ہند۔اسرائیل دوستانہ تعلقات کے نئے دورکا آغاز: نیتن یاہو

ہند۔اسرائیل دوستانہ تعلقات کے نئے دورکا آغاز: نیتن یاہو

 

نئی دہلی۔ 15 جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے ہندوستان کے دورہ کو دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات کے نئے دور کاآغاز بتاتے ہوئے کہاکہ اس سے ہمارے لوگوں کیلئے امن، خوشحالی اور ترقی کا راستہ ہموار ہوگا۔نیتن یاہو نے آج صبح راشٹر یہ پتی بھون کے صحن میں رسمی استقبال کے بعد میڈیا سے مختصر بات چیت میں ان خیالات کا اظہارکیا۔ اپنے دورے کے سرکاری پروگرام کے شروع میں نیتن یاہو اپنی بیوی سارہ نیتن یاہو کے ساتھ راشٹریہ بھون کے صحن میں پہنچے تو وزیر اعظم نریندر مودی نے ان کا استقبال کیا۔اس کے بعد نیتن یاہو کو تینوں افواج کی مشترکہ گروپ نے دونوں ممالک کے قومی ترانوں کی دھنوں کی سلامی پیش کی۔ مہمان لیڈر نے سلامی گارڈ کا معائنہ کرنے کے بعد مودی نے انہیں اپنی کابینہ کے ارکان سے ملوایا۔ ان میں زراعت اور کسان بہبود کے وزیر رادھاموھن سنگھ، خارجہ وزیر مملکت جنرل وی کے سنگھ، پینے کے پانی اور حفظان صحت کے وزیر مملکت ایس ایس اہلووالیہ،تینوں فوجوں کے سربراہ شامل تھے ۔ اس کے بعد نیتن یاہو نے مودی کا تعارف اپنے ساتھ نمائندوں سے کرایا۔ نیتن یاہو نے میڈیا سے مختصر بات چیت میں کہا کہ یہ ہندوستان اور اسرائیل کی دوستی کے نئے دور کی صبح نو ہے ۔ یہ وزیر اعظم مودی کی تاریخی اسرائیل سفر کے ساتھ شروع ہوا ہے جس نے ایک زبردست جوش و خروش پیدا کیا ہے ۔ دونوں ممالک کے درمیان ہمارے لوگوں کیلئے امن، خوشحالی اور ترقی کا راستہ ہموار ہوگا۔ اس کے بعد نیتن یاہو نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کی سمادھی پر گلہائے عقیدت پیش کئے ۔صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند نے وزیراعظم نیتن یاہو کا استقبال کرتے ہوئے اُن سے کہا کہ دہشت گردی کو شکست دینے کیلئے مستحکم عالمی ردعمل کی ضرورت ہے ۔ نیتن یاہو نے ہندوستان کے ساتھ یکجہتی ظاہر کرتے ہوئے اپنے دوست مودی کے ساتھ یوگا کرنے پر آمادگی ظاہر کی ۔ دونوں نے دہشت گردی سے مقابلہ میں اتحاد کا عہد بھی کیا۔
ہند۔اسرائیل کے مابین 9معاہدوں پر دستخط
ہندستان اور اسرائیل نے 25سال پرانے اپنے سفارتی رشتوں کو دونوں ملکوں کے عوام کے روشن مستقبل کو ذہن میں رکھتے ہوئے آگے بڑھانے کے نئے عزم کے ساتھ آج باہمی تعاون کے 9معاہدوں پر دستخط کئے جن میں سائبرسیکورٹی ،خلائی ٹکنالوجی ،فضائی خدمات سے لیکر ہومیوپیتھک علاج اور قابل تجدید توانائی کو محفوظ کرنے کے شعبہ میں تعاون کے معاہدے شامل ہیں ۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور اسرائیلی وزیراعظم بنیامن نیتن یاہو کے مابین یہاں حیدرآباد ہاؤس میں ہوئی دوطرفہ میٹنگ میں یہ فیصلے کئے گئے ۔میٹنگ میں وزیرخارجہ سشماسوراج ،وزیر دفاع نرملاسیتا رمن و دیگر وزراء کے علاوہ ہندستان میں اسرائیل کے سفیر ڈینئل کارمین موجودتھے ۔میٹنگ کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں وزیراعظم مودی نے ہبروزبان میں مسٹر نیتن یاہو کااستقبال کیا ۔انھوں نے کہا ’’میرے عزیزدوست ، آپ کا ہندستان میں خیرمقدم ہے‘‘ ۔ آپ کے دورے کے ساتھ ہمارے نئے سال کے کیلنڈر میں خصوصی تہوارشروع ہوگئے ہیں ۔مکرسنکرانتی ،پونگل ،بیہو وغیرہ ۔مودی نے کہا کہ دونوں ملکوں نے اپنے رشتوں میں پیش رفت کا جائزہ لیاہے اورانھیں آگے لے جانے والے مواقع کے سہارے آگے بڑھانے کا عزم کیا ہے ۔انھوں نے کہا کہ ہم نے اپنے پرانے فیصلوں پر عمل درآمد کے تعلق سے بھی بات کی ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT