Saturday , April 21 2018
Home / کھیل کی خبریں / ہند۔سری لنکا آج دوسرا ٹسٹ،بیٹسمینوں کا سخت امتحان متوقع

ہند۔سری لنکا آج دوسرا ٹسٹ،بیٹسمینوں کا سخت امتحان متوقع

ناگپور۔23 نومبر(سیاست ڈاٹ کام) ہندستانی کرکٹ ٹیم نشیب و فراز سے بھرپور پہلے ایڈن گارڈن ٹسٹ کے بعد یہاں ناگپور میںکل شروع ہونے والے دوسرے ٹسٹ میں سری لنکا کے خلاف اپنی غلطیوں سے سبق لیتے ہوئے سبقت حاصل کرنے کے ارادے سے اترے گی۔ ہندستان کو سری لنکا ٹیم نے کولکتہ ٹسٹ میں سخت چیلنج دیا تھا اور اپنے خلاف 10 ویں جیت سے بھی محروم کردیا۔ اس میچ میں بارش کا اہم رول رہا اور میزبان ٹیم کا آغاز بھی مایوس کن رہا لیکن پانچویں دن کپتان ویراٹ کوہلی نے اپنی104 رنز کی شاندار اننگز سے مقابلے کا رخ پلٹ دیا اور میچ بالاخر ڈرا ہوگیا۔ حالانکہ اس میچ میں بھی ہندوستانی ٹیم کامیابی سے محض تین وکٹ دور تھی لیکن خراب روشنی نے سری لنکا ٹیم کا ساتھ دیا۔ سری لنکا کے خلاف تین ٹسٹ کی سیریز میں اب دوسرا میچ جیت کر ہندستان کے پاس 1-0 کی سبقت لینے کا سنہرا موقع رہے گا جبکہ حریف ٹیم بھی اس میچ میں جیت کے ارادے سے اترے گی۔ ہندستانی ٹیم نے ناگپور ٹسٹ کے لئے دو اہم تبدیلیاں کی ہیں جس میں بھونیشور کمار شادی کی وجہ سے باہر رہیں گے تو شکھر دھون ناگپور میچ میں نہیں کھیل پائیں گے ۔بھونیشور کی کمی حالانکہ ناگپور میں محسوس کی جاسکتی ہے جہاں ایک مرتبہ پھر ہری وکٹ کی امید ہے ۔ فاسٹ بولروں کے لئے یہ وکٹیں مدد گار مانی جاتی ہیں اور ایڈن گارڈن میں بھونیشور آٹھ وکٹ لے کر سب سے کامیاب تھے اور وہ مین آف دی میچ رہے ۔ بھونیشور کمار کی غیر موجودگی میں ایشانت شرما ٹیم میں تیسرے فاسٹ بولر کے طور پر شامل ہوسکتے ہیں اور امیش یادو اور محمد سمیع جیسے تجربہ کار فاسٹ بولرایک مرتبہ پھر ناگپور میں اہم ثابت ہوں گے ۔سری لنکا کے لئے تروپ کا اکا ثابت ہونے والے فاسٹ بولر سرنگا اکمل ایڈن گارڈن میں119 رن دے کر سات وکٹ لینے والے سب سے کامیاب رہے ۔ ان کے ساتھ شناکا اور گمانے نے بھی مل کر ہندستان کی پہلی اننگز 172 رن پر ہی سمیٹ دی تھی۔ ٹیم کے کوچ نک پوتھاس نے اعتراف کیا کہ ٹیم نے میچ میں پانچ میں سے چار دن ہندستان سے بہتر کھیلا اور وہ ناگپور میں پانسہ پلٹ سکتے ہیں۔ ظاہر ہے کہ اسی سال ہندستان سے9-0 سے شکست جھیلنے کے بعد سری لنکا کا ہندستان کی زمین پر اس طرح کی کارکردگی خوداعتمادی بڑھانے والی ہے ۔ سری لنکا نے ہندستان میں کبھی بھی ٹسٹ نہیں جیتا لیکن ہندستان دورے سے پہلے یو اے ای میں پاکستان کو دو ٹسٹوں میں شکست دے کر اس کی خوداعتمادی میں اضافہ ہوا ہے اور پہلے کے مقابلے اس کے کھیل میں بہتری آئی ہے ۔ہندوستان کے اوپنر لوکیش راہول نے بھی تسلیم کیا ہے اس طرح کی وکٹ پر کھیلنا آسان نہیں ہے اور غیرملکی دورے میں انہیں اسی طرح کی وکٹ پر کھیلنا ہوگا۔ اگر ایڈن کی پچ پر ٹیم کی بیٹنگ دیکھی جائے تو پہلی اننگز میں راہول ، دھون ، کوہلی ، اجنکیا راہانے، روی چندرن اشون سبھی سے وکٹ کو سمجھنے میں غلطیاں ہوئی ہیں اور وہ غلط شاٹ کھیل کر آوٹ ہوئے ۔ چیتشور پجارا واحدایسے بیٹسمینرہے جنہوں نے وکٹ پر ٹک کر رنز بنائے اور مشکل حالت میں بھی نصف سنچری مکمل کی ، ناگپور میں پھر سے ان کی اہمیت رہے گی۔ ہندوستان کی دوسری اننگز میں دھون، راہول اور کوہلی نے خود کو حالات کے مطابق ہم آہنگ کیا لیکن رہانے اور اشون بعد میں بھی اس وکٹ کو سمجھ نہیں سکے ۔ خود وکٹ کیپر وردھمان ساہا نے بھی اپنے بیان میں کہا کہ نچلی صف کے کھلاڑیوں کو اور بہترین طریقہ سے تعاون دینا ہوگا۔ سری لنکا کو دیکھیں تو تجربہ کار اینجیلو میتھیوز ،کپتان دنیش چنڈیمل ، نروشن ڈکویلا اور لاہرو تریمانے کی کارکردگی اچھا رہی۔

TOPPOPULARRECENT