Sunday , May 27 2018
Home / کھیل کی خبریں / ہند۔لنکا ونڈے سیریزکاآج وشاکھاپٹنم میں فیصلہ کن مقابلہ

ہند۔لنکا ونڈے سیریزکاآج وشاکھاپٹنم میں فیصلہ کن مقابلہ

وشاکھاپٹنم۔16ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم اور حریف سری لنکا موجودہ ونڈے سیریز میں 1-1 کی برابری کے بعد کل یہاں فیصلہ کن مقابلے میں خطاب حاصل کرنے کے لئے میدان میں اترے گی۔میزبان ٹیم پر جہاں اکتوبر 2015 کے بعد پہلی مرتبہ سیریز سے ہارنے کا خطرہ منڈلا رہا ہے تو وہیں مہمان ٹیم کے پاس ہندستانی زمین پر پہلی دوطرفہ سیریز جیت کر تاریخ رقم کرنے کا سنہری موقع بھی ہے ۔ ویراٹ کوہلی کی غیر موجودگی میں ٹیم کی قیادت کر رہے روہت شرما نے گزشتہ میچ میں ڈبل سنچری کی بدولت ہندوستان کو141 رنوں سے فتح دلا کر سیریز میں برابری دلائی تھی تو وہیں اس موڑ پر سری لنکا کی ٹیم کوبھی اپنے گھریلو میدان پر ملی9-0کی شکست کا بدلہ چکانے کا موقع ملے گا۔ ونڈے سیریز کا پہلا میچ سری لنکا نے دھرم شالہ میں سات وکٹ سے جیتا تھا۔بھلے ہی دونوں ٹیموں کے لیے یہ میچ ‘کرو یا مرو’ کا ہو لیکن قائم مقام کپتان روہت پر اس بار دوہری ذمہ داری ہے ۔ ان کی قیادت میں ٹیم پہلا میچ ہارنے سے ونڈے درجہ بندی میں نمبر ون بننے کا موقع تو گنوا ہی چکی ہے لیکن اگر وہ فیصلہ کن میچ ہارتی ہے تو سال2015 کے بعد اسے اپنی گھریلو سیریز میں بھی شکست سے دوچار ہونا پڑے گا۔ہندستان نے جنوبی افریقہ سے آخری مرتبہ سیریز ہاری تھی لیکن اس کے بعد سے وہ اپنے میدانوں پرناقابل شکست ہے ۔ اس کے علاوہ روہت ناکام رہتے ہیں تو انہیں اپنی کپتانی میں ٹیم کی کامیاب قیادت نہیں کر پانے کی بھی تنقید جھیلنی پڑے گی۔ساتھ ہی میزبان ٹیم کو اپنے میدان پر سری لنکا کے خلاف بھی پہلی دو رخی سیریز ہارنے کی شرمندگی جھیلنی ہوگی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ہوئی کل 9 باہمی سیریز میں ہندستان نے آٹھ جیتی ہیں اور ایک ڈرا رہی ہے ۔ہندوستانی ٹیم ویسے اب بھی خطاب کی مضبوط دعویداروں میں ہے اور گزشتہ میچ میں موہالی میں اس کی شاندار کارکردگی کے بعد تو اس کے حوصلے اور بھی بلند ہوئے ہیں، وہی سری لنکا کی ٹیم بھی دباؤ میں ہوگی جس کے کھلاڑی اس میچ کے لیے پچھلے کئی دنوں سے نیٹ پر پسینہ بہا رہے ہیں۔تاہم میزبان ٹیم کو بھی اس میچ میں اپنی شاندار کارکردگی پیش کرنی ہوگی جو سری لنکا کو کمزور تصور کرنے کی غلطی پہلے کرچکی ہے ۔ٹیم کے کپتان روہت پر پھر سے سب کی نظریں ہوں گی جو ونڈے میں تیسری ڈبل سنچری بنانے والے دنیا کے پہلے بیٹسمین بنے ہیں۔سری لنکا کے خلاف اوپنرکی کارکردگی ویسے بھی ہمیشہ لاجواب رہی ہے اور ان کے کیریئر کی سب سے زیادہ 264 رنز کی اننگز بھی انہوں نے اسی ٹیم کے خلاف کھیلی اور کیریئر میں دو ڈبل ون ڈے سنچری بھی سری لنکا کے خلاف ہی بنائی۔روہت کے علاوہ ان کے جوڑی دار شکھر دھون اور شریس ایئر نے بھی میچ میں 68 اور 88 رنز کی بہترین اننگز کھیلی تھیں اور اے سی اے ۔وی ڈی سی اے اسٹیڈیم میں ان سے ایسے ہی کھیل کی توقع رہے گی۔ ویسے ہندوستان کا ریکارڈ بھی اس میدان پر اچھا رہا ہے اور اس نے اپنے تمام سات میچ یہاں جیتے ہیں۔ ساتھ ہی یہاں کی وکٹ بڑے اسکور کے لئے مشہور ہے تو شائقین کو یہاں بھی موہالی جیسا کھیل دوبارہ دیکھنے کو مل سکتا ہے ۔دوسری جانب سری لنکا ئی ٹیم کے پہلے ونڈے میں کامیابی اور دوسرے ونڈے میں متھیوز کی سنچری سے حوصلے بلند ہوںگے۔

TOPPOPULARRECENT