Tuesday , December 11 2018

ہند۔پاک تنازعہ،پاکستان نے جواب داخل کردیا

دبئی۔ 11اکٹوبر(سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاک ہند کرکٹ سیریز تنازعہ اور ہرجانے سے متعلق اپنا تحریری جواب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی )کی تنازعات کمیٹی میںجمع کروادیا ہے ۔ پی سی بی کی جانب سے تحریری جواب 100 سے زائد صفحات پر مشتمل ہے۔یاد رہے کہ اس مقدمہ کی سماعت اس ماہ کے پہلے 3 دن ہوئی تھی۔آئی سی سی تنازعات کمیٹی نے پاکستان اورہندوستانی بورڈ کو جواب داخل کرنے کے لیے ایک ہفتے کی مہلت دی تھی۔ پی سی بی نے اپنے جواب میں موقف اختیار کیا کہ ہندوستانی کرکٹ بورڈ کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے طے شدہ دوطرفہ سیریز نہ کھیلنے سے 70ملین ڈالر کا نقصان ہوا جبکہ معاہدے میں ہندوستانی حکومت سے سیریز کھیلنے کی اجازت سے متعلق کوئی شرط بھی شامل نہیں تھی۔ پاکستانی اور ہندوستانی کرکٹ بورڈز کے درمیان 2014 ء معاہدے کے تحت پاکستان اور ہند کی ٹیموں کو 2015 سے 2023 کے دوران 6 دوطرفہ سیریز کھیلنا تھیں ۔ اسی معاہدے کے تحت اس نے آئی سی سی میں بگ تھری گروپ کی تشکیل کیلئے پی سی بی کی حمایت حاصل کی تھی۔ پی سی بی کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ہندوستانی بورڈ 70 ملین ڈالر ہرجانہ ادا کرے۔ تنازعات کمیٹی نے ابتدائی سماعت کے بعد اپنا فیصلہ محفوظ کرلیا تھا اور دونوں بورڈز کے تحریری جوابات کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ جاری کیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT