Sunday , November 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہند۔پاک حکام کے درمیان 29 مئی کو دبئی میں ملاقات متوقع

ہند۔پاک حکام کے درمیان 29 مئی کو دبئی میں ملاقات متوقع

بئی۔24 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور  ہندوستانی بورڈ بی سی سی آئی کے حکام کی ملاقات 29 مئی کو دبئی میں متوقع ہے جس میں ہندوستان کی جانب سے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ سیریز نہ کھیلنے کے باعث ہونے والے نقصان پر بات چیت کی جائے گی۔خیال رہے کہ بی سی سی آئی نے 2014 میں پی سی بی کے ساتھ ایک یادداشت باہمی مفاہمت پر دستخط کئے تھے جس میں دونوں ممالک کی کرکٹ ٹیموں میں 2015 تا 2023 کے درمیان 6 دوطرفہ سیریز طے پائیں تھی جس میں سے 4 پاکستان جبکہ دو ہندوستان میں ہونی تھیں۔پی سی بی کی جانب سے آئی سی سی کے ’بگ تھری‘ فارمولے کی حمایت کے جواب میں یہ معاہدہ طے پایا تھا، جس کی وجہ سے ہندوستان، آسٹریلیا اور برطانیہ کو سب سے زیادہ مالی فوائد حاصل ہوئے تھے تاہم بگ تھری تنازعات کا شکار ہونے کے باعث رواں سال اپریل میں ختم کردیا گیاہے۔بی سی سی آئی کے اس دعوے کے بعد کہ ان کی مودی حکومت کی جانب سے سیریز کیلئے اجازت نہیں دی گئی پی سی بی نے معاہدے کی خلاف ورزی پر 6 کروڑ 94 لاکھ ڈالر معاوضے کی ادائیگی کا مطالبہ کیا تھا۔ذرائع نے مزید کہا ہے کہ پی سی بی کے چیف شہریار خان، ایگزیکٹو کمیٹی چیئرمین نجم سیٹھی اور چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد اس پاکستانی وفد کا حصہ ہوں گے جو سی کے کھنا کی سربراہی میں بی سی سی آئی کے وفد سے ملاقات کرے گا۔ذرائع نے کہا کہ اگر دونوں بورڈ کسی نتیجے پر پہنچنے میں ناکام رہے تو بعد ازاں آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈیوڈ رچرڈسن کی موجودگی میں دوبارہ مذاکرات ہوں گے۔علاوہ ازیں اگر یہ مذاکرات بھی ناکام رہے تو اس معاملے کو آئی سی سی کی تنازعات حل کرنے کی کمیٹی کے سپرد کردیا جائے گا۔

یاد رہے کہ پی سی بی نے بی سی سی آئی کو مذکورہ معاہدے کے ساتھ ایک قانونی نوٹس بھجوایا تھا جس کے بارے میں بعد ازاں دعویٰ کیا گیا کہ وہ  فریقین کے درمیان صرف ایک باہمی یادداشت تھی ۔ ذرائع نے کہا ہے کہ پی سی بی 2013 میں ہندوستان میں منعقدہ ونڈے سیریز کے باقی 3 مقابلوں کے انعقاد کا مطالبہ بھی کررہا ہے جو پاکستان یا کسی غیر جانبدار مقام پر کھیلے جاسکتے ہیں۔یاد رہے کہ  اُس وقت پاکستان کی ٹیم وطن واپس آگئی تھی تاہم بعد ازاں یہ میچز دونوں ممالک کے درمیان سرحد پر جاری کشیدگی کے باعث نہیں ہوسکے تھے۔رواں ہفتے کے آغاز میں چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کہا کہ ہندوستانی کرکٹ بورڈ نے پندرہ دن بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے نوٹس کا جواب دیتے ہوئے مذاکرات پر آمادگی کا اظہار کیا ہے تاہم  اس سارے معاملے پر پی سی بی، انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو بات چیت کا حصہ بنانا چاہتا ہے۔ 3 مئی 2017 کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے معاہدے کی خلاف ورزی پر آئی سی سی کی تنازعات کے حل کیلئے قائم کمیٹی کے تحت ہندوستانی کرکٹ بورڈ کو نوٹس بھجواتے ہوئے 60 ملین ڈالر ادا کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ہندوستان نے فوچر ٹور پروگرام کے تحت 2014 سے 2018  کے درمیان سیریز کھیلنے کیلئے معاہدے کی یادداشت پر دستخط کئے تھے اور سیریز نہ کھیل کر ہندوستان نے معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہندوستان   کی جانب سے سیریز نہ کھیلننے کی صورت میں اس سے ہونے والے نقصانات کا ہرجانہ ادا کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT