Tuesday , December 11 2018

ہند۔پاک سیریزکا تیسرے مقام پر انعقاد،آئی سی سی سرگرم

دبئی۔13اپریل(سیاست ڈاٹ کام)آئی سی سی ہندوستان اور پاکستان کی سیریز مستقل بنیادوں پر کروانے کیلئے متحرک ہو گئی ہے جو اس کو مالی اعتبار سے فائدہ دے سکتی ہے لہٰذا دونوں ممالک کے درمیان مقابلوں کے انعقاد کیلئے کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو پاکستان اور ہندوستان کے درمیان متواتر میچوں کے انعقاد کے سلسلے میں کام کرے گی۔ ذرائع کے بموجب دونوں ملکوں کے درمیان مجوزہ مقابلوں کیلئے دبئی اور شارجہ جیسے متبادل مقامات کو قابل غور سمجھا جائے گا۔ بی سی سی آئی نے پاکستان کے ساتھ کسی تیسرے مقام پر سیریز کیلئے رضامندی ظاہر کی لیکن اپنی حکومت سے منظوری سے مشروط کردیا اور چونکہ یہ پہلو پہلے بھی رکاوٹ بنتا رہا ہے لہٰذا اب آئی سی سی نے اس معاملے میں اپنا کردار ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع نے مزید کہا کہ اس دیرینہ مسئلے کے حل کی خاطر گورننگ باڈی کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن اور آئی سی سی کے چیئرمین ششانک منوہر ہندوستانی وزارت داخلہ کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے جن کو ہند۔پاک سیریز کے عدم انعقاد کی صورت میں آئی سی سی کو پہنچنے والے نقصانات سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان سیریز نہ ہونے سے آئی سی سی کو بھی پانچ ارب ڈالرس کا نقصان اٹھانا پڑتا ہے جبکہ ہند۔پاک مقابلوں سے ریکارڈ آمدنی ہوتی ہے جس کا اندازہ چیمپئنز ٹرافی میں دو میچوں سے بھی لگایا جاسکتا ہے جس سے آئی سی سی کو 28 ملین ڈالرز کا منافع ہوا تھا۔

TOPPOPULARRECENT