Friday , December 15 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہند۔پاک ٹسٹ کرکٹ انگلینڈ میں متوقع

ہند۔پاک ٹسٹ کرکٹ انگلینڈ میں متوقع

کراچی ، 25 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) انڈیا ۔ پاکستان کرکٹ سیریز جس کے بارے میں کافی گرما گرمی جاری ہے ، وہ دو حصوں میں منعقد کی جاسکتی ہے جس میں سری لنکا آئندہ ماہ لمیٹیڈ اوورس کے میچس کی میزبانی کرے گا اور انگلینڈ کے حصہ میں آئندہ سال ٹسٹ میچز آئیں گے ۔ یہ قیاس آرائی زوروں پر ہے کہ صدر بی سی سی آئی ششانک منوہر اور چیرمین پاکستانی کرکٹ بورڈ شہریار خان کی دوبئی میں منعقدہ میٹنگ کے دوران اس تعلق سے اتفاق رائے ہوچکا ہے لیکن باقاعدہ اعلان ابھی باقی ہے ۔ وزارت بین صوبائی رابطہ کے ذرائع نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ پی سی بی چیرمین شہریار خان نے وزیراعظم نواز شریف اور وزارت خارجہ سے اجازت طلب کی ہے کہ ہندوستان کے ساتھ آئندہ ماہ سری لنکا میں محدود اوورس والی سیریز کھیلنا چاہتے ہیں ۔ انھوں نے کہاکہ شہریار نے یہ اشارہ بھی دیا تھا کہ ہندوستان آئندہ سال پاکستان کے خلاف چند ٹسٹ میچز بھی کھیلنے کیلئے رضامند ہے۔ ذرائع کے مطابق منصوبہ یہ ہے کہ پاکستان 2017 ء میں مکمل سیریز کیلئے ہندوستان کا دورہ کرے گا جبکہ اُس سے قبل ہندوستان دو مرحلوں میں پاکستانیوں کے ساتھ کھیلے گا ۔ ایسے اشارے ہیں کہ یہ ٹسٹ میچز انگلینڈ میں موسم گرما میں منعقد کئے جائیں گے ۔ پاکستان کو پہلے سے طئے شدہ پروگرام کے مطابق انگلینڈ کا دورہ جولائی سے مکمل سیریز کیلئے کرنا ہے اور 2010 ء میں وہ کچھ اسی طرح کے حالات میں آسٹریلیا کے خلاف لارڈس اور ہیڈنگلے میں دو ٹسٹ میچز قابل لحاظ کامیابی کے ساتھ کھیل چکے ہیں، جس کا سبب برطانیہ میں موجود بڑی جنوبی ایشیائی آبادی ہے ۔ پی سی بی کے دیگر ذرائع نے کہا کہ صدر انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ جائیلس کلارک جنھوں نے گزشتہ ہفتے کے اوآخر دوبئی میں ششانک منوہر اور شہریارخان کے درمیان ملاقات میں ثالثی کا رول ادا کیا ، انھوں نے انگلینڈ میں دونوں ایشیائی پڑوسیوں کے باہمی ٹسٹ میچوں کے انعقاد کے نظریہ کی پرزور تائید کی ہے ۔ انھوں نے کہاکہ منوہر نے یو اے ای میں ڈسمبر کی سیریز کھیلنے سے ہندوستان کے قاصر ہونے کی وجوہات پیش کیں اور پی سی بی سربراہ پر یہ بھی واضح کردیا کہ انڈو۔ پاک کرکٹ کے بارے میں میڈیا میں غیرضروری بیانات دینے سے احتراز کریں۔ واضح رہے کہ 2007ء سے کوئی ہند ۔پاک ٹسٹ نہیں ہوا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT