Friday , December 15 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہند۔ آسٹریلیا پانچ مقابلوں کی آخری ونڈے سیریز ہوگی: سی اے

ہند۔ آسٹریلیا پانچ مقابلوں کی آخری ونڈے سیریز ہوگی: سی اے

ملبورن ۔ 18 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکیٹیو جیمس سودرلینڈ سمجھتے ہیں کہ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان رواں ونڈے سیریز شاید 5 مقابلوں کی آخری باہمی سیریز ہوگی کیونکہ گلوبل لیگ کو متعارف کرنے کیلئے تمام تر کوششیں جاری ہیں۔ کرکٹ آسٹریلیا کی ویب سائیٹ کے بموجب جیمس نے توثیق کی ہیکہ یہ تجویز پیش کی گئی ہے جس میں ونڈے کی 13 ٹیموں کے درمیان گلوبل لیگ کھیلی جائے جس کے بعد ممکن ہیکہ باہمی ونڈے سیریز تین مقابلوں سے متجاوز نہیں کرے گی۔ دریں اثناء انفرادی بورڈس کو یہ آزادی حاصل رہے گی کہ وہ باہمی سیریز پر تبادلہ خیال کرسکیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ وہ نہیں سمجھتے کہ شائقین کو مستقبل میں باہمی سیریز کے دوران تین مقابلوں سے زائد کی کوئی سیریز دیکھنے کو ملے گی۔ انہوں نے مزید کہاکہ آئی سی سی اگر ٹسٹ چمپیئن شپ اور ونڈے لیگ کو متعارف کردیتی ہے تو پھر باہمی سیریز میں پانچ مقابلوں کا تصور ختم ہونے کے علاوہ ٹوئنٹی 20 مقابلوںمیں بھی کمی آسکتی ہے۔ ونڈے لیگ کی جو تجویز آئی سی سی کو پیش کی گئی ہے اس میں ہر ملک کیلئے اپنے گھریلو میدانوں پر 6 اور حریف ٹیم کے میدانوں 6 مقابلے کھیلنے ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ سیریز کے بعد شائد 5 مقابلوں کی باہمی سیریز دیکھنے کو نہیں ملے گی۔ نیز ورلڈ ٹسٹ چمپیئن شپ کیلئے بھی آسٹریلیا بمقابلہ بنگلہ دیش حالیہ سیریز ایک مثال ہوگی۔

TOPPOPULARRECENT