Thursday , November 23 2017
Home / دنیا / ہند۔ امریکی ہاٹ لائن پر اوباما اور مودی کی پہلی بات چیت

ہند۔ امریکی ہاٹ لائن پر اوباما اور مودی کی پہلی بات چیت

واشنگٹن ۔ /11 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی اور امریکہ کے صدر بارک اوباما نے نئی دہلی اور واشنگٹن کے درمیان قائم شدہ محفوظ ’’ہاٹ لائن ‘‘ سے آج پہلی مرتبہ استفادہ کرتے ہوئے باہمی تعاون کے کلیدی شعبوں میں پیشرفت کا جائزہ لیا اور آئندہ G-20 چوٹی کانفرنس سے قبل اہم عالمی مسائل پر گفت و شنید کی ۔ وہائٹ ہاوز نے کہا کہ ’’صدر اوباما نے آج وزیراعظم نریندر مودی سے فون پر بات چیت کی اور باہمی تعاون کے کلیدی شعبوں میں پیشرفت کیلئے مشترکہ مساعی کا جائزہ لیا ۔ نیز G-20 چوٹی کانفرنس ، مشرقی ایشیائی چوٹی کانفرنس اور پیرس ماحولیاتی کانفرنس سے قبل اہم عالمی مسائل پر تبادلہ خیال کیا ‘‘ ۔ بیان میں مزید کہا ہے کہ دونوں قائدین کے مابین ہاٹ لائن پر پہلی مرتبہ بات چیت ہوئی ہے جس سے استفادہ کرتے ہوئے اوباما نے علاقائی و عالمی مسائل کے ضمن میں ہند ۔ اسرائیل ساجھیداری کی اہمیت کا اعادہ کیا ۔ وہائٹ ہاؤز نے کہا کہ’’جنوبی ایشیاء کی صورتحال پر دونوں قائدین نے باہمی نظریاتی سے اتفاق کیا ۔ علاوہ ازیں معیشت و سلامتی کے شعبوں میں ترجیحات پر پیشرفت کا جائزہ لیا ۔ ایشیائی بحرالکاہل اور بحر ہند کے علاقہ سے متعلق حکمت عملی کے مشترکہ نظریہ اور ماحولیاتی تبدیلی کے عالمی چیالنج پر بھی گفت و شنید کی گئی ۔ دونوں ملکوں کے درمیان محفوظ ہاٹ لائن کے قیام سے جنوری میں اتفاق کیا گیا تھا جب اوباما اپنی میعاد کے دوران ہندوستان کا دو مرتبہ دورہ کرنے والے پہلے امریکی صدر بن گئے تھے ۔ نریندر مودی /12 نومبر کو دورہ برطانیہ کے بعد ترکی روانہ ہوں گے جہاں /15 اور /16 نومبر کو منعقد شدنی  G-20 چوٹی کانفرنس میں شرکت کریں گے ۔

TOPPOPULARRECENT