ہند۔ بنگلہ دیش مشترکہ ملٹری مشق شروع

شیلانگ۔ 7 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی آرمی اور اس کی بنگلہ دیشی ہم منصب فوج نے اپنی ہفتہ طویل مشترکہ تربیتی مشق میگھالیہ کے اُمروئی کنٹونمنٹ کے جوائنٹ وار فیر سنٹر میں شروع کی ہے۔ اپنی نوعیت کی ساتویں مشترکہ ٹریننگ مشق ہر سال باری باری ہندوستان اور بنگلہ دیش میں منعقد کی جاتی ہے تاکہ مختلف قوموں سے اُبھرنے والے دہشت گردی کے خطرات کے تناظر میں دونوں آرمیوں کے درمیان مثبت تعلقات استوار کرتے ہوئے انہیں فروغ دیا جائے۔ جنرل آفیسر کمانڈنگ گجراج کار لیفٹننٹ جنرل اے ایس بیدی نے گزشتہ روز مشترکہ مشق ’سمپریتی‘ کا افتتاح کیا جس میں بنگلہ دیش آرمی سے 14 آفیسرس اور انڈین آرمی سے 20 آفیسرس حصہ لے رہے ہیں۔ لیفٹننٹ جنرل بیدی نے اپنی تقریر میں بیرونی جتھے کا خیرمقدم کیا اور انہیں ہفتہ طویل مشق کے بارے میں واقف کروایا۔ آرمی کے ترجمان لیفٹننٹ کرنل سنیت نیوٹن نے ایک بیان میں بتایا کہ ہندوستانی فوج کا ماننا ہے کہ مشترکہ فوجی مشق اشارہ ہے کہ ہندوستان اور بنگلہ دیش مختلف قوموں کی طرف سے اُبھرنے والے دہشت گردی کے خطرہ کو سمجھتے ہیں اور اس لعنت سے لڑنے کے معاملے میں متحد ہیں۔ یہ مشق انسداد شورش پسندی کیلئے بھی مفید ہے۔

TOPPOPULARRECENT