Tuesday , November 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہند۔ جنوبی افریقہ ، دوسرے دن کا کھیل بارش کی نذر

ہند۔ جنوبی افریقہ ، دوسرے دن کا کھیل بارش کی نذر

ایک گیند بھی نہیں ڈالا جاسکا ، آج موسلادھار بارش کی پیش قیاسی
بنگلورو ۔ 15 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرے ٹسٹ میچ کے دوسرے دن کا کھیل آج بارش کی نذر ہوگیا اور دن بھر بوندا باندی کے سبب ایک گیند بھی نہیں ڈالا جاسکا۔ بارش کا سلسلہ صبح سے جاری تھا تاہم کھیل کے آغاز کے وقت 10 بجے دن کچھ تھم گیا تھا چنانچہ 10 بجکر 30 منٹ پر کھیل کے آغاز کی توقع تھی اور کھلاڑی ماقبل کھیل معمول کی تیاریوں میں مصروف ہی تھے کہ بوندا باندی دوبارہ شروع ہوگئی اور کچھ دیر بعد شدت اختیار کرگئی جس کے پیش نظر گراؤنڈ اسٹاف نے پچ دوبارہ ڈھانک دیا۔ جب دوپہر 12 بجکر 30 منٹ تک بھی بارش ختم نہ ہوسکی۔ نوشتہ دیوار واضح ہوگیا اور دونوں امپائروں ایان گولڈ اور رچرڈ کٹل برگ کیلئے آج کے کھیل کی منسوخی کے سواء کوئی دوسرا راستہ نہیں رہا۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ کل اس علاقہ میں موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے جس کے پیش نظر نتیجہ خیز میچ کھیلے جانے کے امکانات میں آہستگی کے ساتھ کمی ہورہی ہے۔ موسم صاف رہنے کی صورت میں کل کا میچ صبح 9 بجکر 15 منٹ پر شروع ہوگا۔ کھیل کے پہلے دن جنوبی افریقہ کی ٹیم 59 اوورس میں 214 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔ روی چندرن اشون اور رویندر جڈیجہ کو 4، 4 وکٹس حاصل ہوئے تھے۔ اے بی ڈی ویلیئرس نے گزشتہ روز جنوبی افریقہ کے لئے سب سے زیادہ 85 انفرادی رنز بنایا تھا جس کے جواب میں ہندوستان نے کسی نقصان کے بغیر تیزی کے ساتھ 80 رنز بنالیا تھا۔ اس کے دو اوپننگ بیٹسمین شکھر دھون اور مرلی وجئے 28 رنز پر کھیل رہے تھے۔

TOPPOPULARRECENT