Tuesday , December 19 2017
Home / ہندوستان / ہند۔ روس کے مابین تینوں مسلح افواج کی مشترکہ مشقوں کا آغاز

ہند۔ روس کے مابین تینوں مسلح افواج کی مشترکہ مشقوں کا آغاز

نئی دہلی 20 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان اور روس نے اپنے تینوں مسلح افواج پر مشتمل جنگی مشقوں کا آج آغاز کیا ۔ دونوں ملکوں کی افواج کے مابین پہلی مرتبہ تینوں شعبوں کی مشترکہ مشقوں کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ ان مشقوں کا مقصد دونوں ملکوں کی افواج کے مابین کارروائی پر مبنی اشتراک کو فروغ دینا ہے ۔ ہندوستان کے جتھے میں تقریبا 450 اہلکاروں کو شامل کیا گیا ہے جبکہ روس کی مسلح افواج کے دستوں میں 1,000 سپاہی اور عہدیدار شامل ہیں ۔ یہ مشتقیں دس دن پر مشتمل ہونگی جنہیں اندرا کا نام دیا گیا ہے ۔ ولاڈی ووسٹوک کے مقام پر ان مشقوں کی افتتاحی تقریب میں تینوں مسلح افواج کی جانب سے مارچ پاسٹ کیا گیا ۔ اس کے علاوہ ہندوستانی افواج نے روایتی مارشل آرٹس کے مظاہرے بھی پیش کئے ۔ وزارت دفاع کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہیکہ تینوں شعبوں کی مشترکہ مشقوں کے ذریعہ دونوں ملکوں کے مابین تعاون کو فروغ دیا جاسکے گا اور دونوں ملکوںکو درپیش مشترکہ چیلنجس سے نمٹنے کے عزم کا اعادہ کیا جائیگا ۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میجر جنرل این ڈی پرساد نے کہا کہ پہلی مرتبہ تینوں شعبوں کے مابین مشترکہ مشقوں کا اہتمام کیا گیا ہے اور اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہندوستان و روس حکمت عملی شراکت داری کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔ میجر این ڈی پرساد ہندوستانی ٹاسک فورس کے کمانڈر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روس اور ہندوستان کی افواج کو تخریب کاری سے نمٹنے کی سرگرمیوں کا وسیع تجربہ ہے اور ایک دوسرے سے تعاون و اشتراک کرتے ہوئے دونوں ہی کو فائدہ ہوگا اور ان کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے ۔ روس کے ایسٹرن ملٹری چیف آف اسٹاف لیفٹننٹ جنرل سولوماٹن نے کہا کہ ان مشقوں سے ہندوستان اور روس کی دفاعی فورسیس کے مابین تعلقات مزید مستحکم ہونگے ۔ وزیر اعظم نریندرمودی کے دورہ روس کے موقع پر ماہ جون میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ دونوں ملکوں کے مابین دفاعی تعاون کو مزید فروغ دیا جائیگا اور دفاعی شعبہ میں تعاون کے نئے امکانات تلاش کئے جائیں گے ۔

TOPPOPULARRECENT