Wednesday , November 22 2017
Home / ہندوستان / ہند۔ نیپال کے درمیان 8 معاہدوں پر دستخط

ہند۔ نیپال کے درمیان 8 معاہدوں پر دستخط

صدرجمہوریہ ہند نیپال سے تعلقات میں اضافہ کے منتظر
نئی دہلی 24 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور نیپال نے آج 8 معاہدوں پر دستخط کئے جن میں منشیات کی اسمگلنگ کے انسداد میں تعاون شامل ہے۔ ان معاہدوں پر دستخط وزیراعظم نریندر مودی اور اُن کے نیپالی ہم منصب شیربہادر دیوبا کے درمیان کلیدی نوعیت کے باہمی اور علاقائی مسائل پر جامع بات چیت کے بعد کئے گئے۔ مودی نے دیوبا کے ساتھ مشترکہ پریس ایونٹ میں کہاکہ ہماری شراکت داری کے مختلف پہلوؤں کا مثبت انداز میں جائزہ لیا گیا۔ اُنھوں نے مہمان لیڈر کو یقین دلایا کہ ہمالیائی قوم کی مجموعی ترقی کے تئیں ہندوستان پابند عہد ہے۔ دیوبا نے کہاکہ نیپال اپنی سرزمین سے مخالف ہند سرگرمیوں کی کبھی اجازت نہیں دے گا۔ دونوں قائدین نے سرحد پار پاور ٹرانسمیشن لائنس کتایا ۔ کساہا اور رکسال ۔ پروانی پور کا مشترکہ افتتاح بھی کیا۔ مودی نے دفاع اور سکیورٹی کو باہمی روابط کا اہم پہلو قرار دیا۔ قبل ازیں دیوبا کا راشٹراپتی بھون میں روایتی استقبال کیا گیا جہاں وہ سرکاری مہمان کی حیثیت سے مقیم ہیں۔ دیوبا گزشتہ روز یہاں چار روزہ دورہ پر پہونچے اور یہ رواں سال جون میں عہدہ سنبھالنے کے بعد اُن کا پہلا بیرونی سفر ہے۔ نیپال نے آج حکومت ہند کو تیقن دیا کہ وہ ہندوستان کے خلاف کسی بھی قسم کی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دے گا۔ نیپال کے ساتھ صیانتی اور دفاعی تعلقات میں اضافہ کیا جائے گا۔ دریں اثناء ہندوستان کے صدرجمہوریہ رامناتھ کووند نے وزیراعظم نیپال شیر بہادر دیوبا کے حکومت ہند کے ساتھ معاہدات پر اظہارمسرت کرتے ہوئے کہا کہ وہ نیپال کے ساتھ اپنے تعلقات میں اضافہ کے منتظر ہیں۔

TOPPOPULARRECENT