Tuesday , November 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہند۔ پاک سیریز پاکستان کا حق، کوئی بھیک نہیں دے رہا!

ہند۔ پاک سیریز پاکستان کا حق، کوئی بھیک نہیں دے رہا!

سشما سوراج کا دورۂ پاکستان خوش آئند ۔ محمد عامر کی پاکستانی ٹیم میں واپسی کی حمایت : وسیم اکرم
کراچی ، 9 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے ہندوستانی وزیرخارجہ سشما سوراج کی پاکستان آمد کو دونوں ممالک کے تعلقات کیلئے سود مند قراردیتے ہوئے کہاکہ کرکٹ سیریز ضرور ہونی چاہئے ۔ یہاں میڈیا سے گفتگو میں سابق کپتان اور پاکستان سوپر لیگ(پی ایس ایل) کے سفیر اکرم نے انڈو پاک کرکٹ سیریز کے حوالے سے کہا کہ’’یہ ہماری سیریز ہے ، کوئی بھیک نہیں دے رہا، اس کا انعقاد ضرور ہونا چاہیے‘‘۔ انھوں نے کہا کہ وہ ہندوستانی وزیر خارجہ سشما سوراج کی پاکستان آمد کو خوش آئند سمجھتے ہیں جبکہ کرکٹ سیریز کے انعقاد سے دونوں ملکوں کے تعلقات بہترہوں گے۔ پی ایس ایل کے سفیر نے کہا کہ لیگ کی کامیابی کے لئے تمام پاکستانیوں کو کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے اس کے انعقاد سے پاکستان کرکٹ کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ محمدعامر کی بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کے حوالے سے سابق کپتان نے کہا کہ اس نے غلطی کی سزا کاٹ لی اور اب ٹیم میں واپسی کی راہ ہموار ہونی چاہیے ۔ اس سے پاکستانی ٹیم مضبوط ہوگی کیونکہ اس وقت وہ سب سے بہترین سوئنگ بولر ہے۔ اکرم نے کہا کہ عامر کو فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے دیں پھر اس کو ٹیم میں آنا چاہیے۔ واضح رہے کہ پی ایس ایل کے سفیر اور سابق کپتان رمیز راجہ نے محمد عامر کی پاکستانی ٹیم میں واپسی کی سختی مخالفت کرتے ہوئے اسے دوسرے دیانتدار کھلاڑیوں کی حق تلفی قرار دیا تھا۔ انھوں نے کہا تھا کہ عامر نے پاکستان کا نام پوری دنیا میں بدنام کیا اس لئے وہ انھیں کبھی معاف نہیں کرسکتے۔ دوسری طرف پاکستان کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے عامر کی ٹیم میں واپسی کے حق میں بیان دیا تھا۔ وقار نے کہا کہ ’’میں نے بی پی ایل میں عامرکی بولنگ کی چند کلپس دیکھی ہیں اور وہ ٹھیک دکھائی دے رے ہیں اور ان کی ٹیم میں واپسی پر کوئی اعتراض نہیں‘‘۔

TOPPOPULARRECENT