Thursday , December 14 2017
Home / دنیا / ہند و پاک باہمی بات چیت پرگوٹیرس کا زور

ہند و پاک باہمی بات چیت پرگوٹیرس کا زور

اقوام متحدہ ۔ 5 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیرس اس وقت برصغیر کے دو اہم پڑوسی ممالک یعنی ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی کا قریب سے مشاہدہ کررہے ہیں جب کہ ان کے ترجمان کے مطابق موصوف اس بات کے خواہاں ہیں کہ دونوں ممالک اپنے اختلافات اور کشیدگی کو باہم بات چیت کے ذریعہ ختم کریں ۔ سکریٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفین دوجارک سے روزانہ کی پریس بریفنگ کے دوران ہند و پاک کے درمیان جاری کشیدگی کے بارے میں سوال پوچھا گیا تھا اور یہ اندیشہ بھی ظاہر کیا گیا تھا کہ کہیں دونوں ممالک کے درمیان نیوکلیر جنگ کا خطرہ تو نہیں منڈلا رہا ؟ جس کا جواب دیتے ہوئے مسٹر دوجارک نے کہا کہ اس وقت ہم صورت حال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں اس کے باوجود بھی ہم اپنے اسی پرانے بیان کو دہرانا چاہتے ہیں کہ پرامن حالات بالاخر ہند و پاک کے درمیان ہونے والی امن بات چیت کے بعد ہی پیدا ہوں گے اور دونوں ممالک آخر باہمی بات چیت کی اہمیت کو کیوں نہیں سمجھ رہے ہیں ؟! یاد رہے کہ کشیدگی میں اضافہ اس وقت ہوا جب کشمیر میں جاریہ ہفتہ پاکستانی فوج کی جانب سے ہلاک کئے گئے دو ہندوستانی فوجیوں کی نعشوں کو مسخ کرنے کا واقعہ منظر عام پر آیا تھا ۔ ہندوستانی فوج نے بھی پاکستان کو منہ توڑ جواب دینے کی ٹھان لی ہے ۔ دوسری طرف وزیر دفاع ارون جیٹلی نے بھی دہلی میں ایک بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ دونوں ہندوستانی فوجیوں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی اور ہندوستانی مسلح افواج بھی پاکستانی افواج کی غیر انسانی حرکت کا منہ توڑ جواب دے گی ۔ ایسے واقعات تو جنگ کے دوران بھی رونما نہیں ہوتے ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT