Monday , April 23 2018
Home / Top Stories / ہند ۔ اردن باہمی تعلقات کو فروغ دینے سے اتفاق

ہند ۔ اردن باہمی تعلقات کو فروغ دینے سے اتفاق

وزیراعظم نریندر مودی کی شاہ عبداللہ ثانی سے ملاقات ، دورہ ہند کے متمنی

عمان ۔ 9 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج اردن کے شاہ عبداللہ ثانی سے ملاقات کی اور اس ملاقات کو انہوں نے ہند ۔ اردن تعلقات میں مزید فروغ دینے کیلئے شاندار قرار دیا۔ فلسطین کے بشمول مغربی ایشیاء تین ممالک کے اپنے دورہ کے پہلے مرحلہ میں اردن پہنچنے کے بعد وزیراعظم مودی نے شاہ عبداللہ سے اپنی ملاقات کے بارے میں ٹوئیٹر پر پیام پوسٹ کیا اور کہا کہ اردن کے شاہ سے میری ملاقات شاندار رہی۔ آج ہم نے دونوں ممالک کے تعلقات کو مستحکم اور مضبوط بنانے کے بارے میں بات چیت کی۔ ملاقات کے دوران مودی نے شاہ عبداللہ سے کہا کہ وہ فبروری کے اواخر میں ان کے دورہ ہند کے متمنی ہیں۔ شاہ عبداللہ نے بھی کہا کہ وہ ہندوستان کا دورہ کریں گے۔ شاہ عبداللہ نے اس ملاقات کو باہمی تعلقات میں نئے باب کی شروعات قرار دیا۔ وزیراعظم نے اپنے دورہ فلسطین کیلئے اطمینان بخش سہولتیں فراہم کرنے پر اظہارتشکر کیا۔ مودی کی آمد پر اردن کے وزیراعظم ہادی الملکی نے ان کا خیرمقدم کیا۔ مودی کا یہ پہلا دورہ اردن ہے اور 30 سال کے دوران ہندوستانی وزیراعظم کا بھی یہ دورہ ہے۔ 1950ء میں دوستانہ تعلقات قائم ہونے کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مستحکم ہوتے رہے ہیں۔ کل وزیراعظم مودی فلسطین کیلئے روانہ ہوں گے جہاں وہ صدر محمود عباس سے ملاقات کرتے ہوئے تفصیلی بات چیت کریں گے اور فلسطینی عوام کیلئے ہندوستان کی حمایت کے عہد کا اعادہ کریں گے۔ مودی فلسطین کا دورہ کرنے والے پہلے وزیراعظم ہیں۔ اس دورہ کے بعد وزیراعظم مودی متحدہ عرب امارات کیلئے روانہ ہوں گے۔ متحدہ عرب امارات میں وہ شیخ محمد بن راشد المختوم سے ملاقات کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT