Wednesday , December 12 2018

ہند ۔ امریکہ 2+2 ڈائیلاگ کا نئی دہلی میں 6ستمبر کو انعقاد

امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کا اعلان

واشنگٹن ۔ 20 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہند ۔ امریکہ کے درمیان قبل ازیں ہونے والے 2+2 ’’ڈائیلاگ‘‘ کو عارضی طور پر ملتوی کردیا گیا تھا کیونکہ اس وقت امریکہ کی کچھ دیگر سیاسی مصروفیتوں میں اضافہ ہوگیا تھا جن میں پوٹن اور شمالی کوریا نے اہم رول ادا کئے تھے لیکن اب اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے کئے گئے تازہ ترین اعلان کے مطابق 2+2 ڈائیلاگ 6 ستمبر کو ہندوستان کی دارالحکومت نئی دہلی میں منعقد کیا جائے گا۔ یاد رہیکہ اس ڈائیلاگ کو دونوں ممالک کے درمیان حکمت عملی کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور انڈوپیسیفک خطہ میں پائے جانے والے چیلنجیز سے نمٹنے ایک اہم قدم تصور کیا جارہا ہے۔ قبل ازیں 2+2 ڈائیلاگ 6 جولائی کو واشنگٹن میں منعقد کئے جانے والے تھے لیکن امریکہ نے 27 جون کو ہی ڈائیلاگ کو ملتوی کرنے کا اعلان کردیا تھا۔ اس سے پہلے یہ ڈائیلاگ اس وقت ملتوی ہوا تھا جب جاریہ سال کے اوائل میں مائیک پومپیو کو امریکہ کے نئے وزیرخارجہ بنانے کی توثیق نہیں ہوئی تھی جبکہ ماہ اپریل میں ان کے نئے وزیرخارجہ ہونے کی توثیق ہوگئی تھی۔ انہوں نے سابق وزیرخارجہ ریکس ٹلرسن کی جگہ لی تھی۔ بہرحال دیر آئے درست آئے کے مصداق اب امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو اور وزیردفاع جم میاٹس 2+2 ڈائیلاگ کیلئے نئی دہلی کا سفر کریں گے۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی ترجمان ہیتھرنوریٹ نے کہا کہ امریکہ کو اس بات کا اعلان کرتے ہوئے فخر محسوس ہورہا ہیکہ ہند ۔ امریکی 2+2 ڈائیلاگ کا انعقاد 6 ستمبر کو ہندوستان کے دارالحکومت نئی دہلی میں ہوگا۔ مائیک پومپیو اور جم میاٹس اپنے ہندوستانی ہم منصبوں بالترتیب سشماسوراج اور نرملا سیتارامن سے ملاقات کے مشتاق ہیں جہاں وہ حکمت عملی سیکوریٹی اور دفاعی تعاون کے موضوعات پر تفصیلی بات چیت کریں گے۔ نوریٹ نے کہا کہ ’’چاروں‘‘ قائدین انڈوپیسیفک خطہ میں پائے جانے والے چیلنجوں سے نمٹنے کے مشترکہ اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ واضح رہیکہ2+2 ڈائیلاگ کا سب سے پہلے اعلان گذشتہ سال اس وقت کیا گیا تھا جب وزیراعظم ہند نریندر مودی نے امریکہ کا دورہ کرتے ہوئے صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے ملاقات کی تھی۔

TOPPOPULARRECENT