Tuesday , November 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہند ۔ آسٹریلیا آج چوتھا ونڈے ، مہمان وائیٹ واش سے بچنے کیلئے کوشاں

ہند ۔ آسٹریلیا آج چوتھا ونڈے ، مہمان وائیٹ واش سے بچنے کیلئے کوشاں

ہندوستانی قطعی گیارہ کھلاڑیوں میں کئی اہم تبدیلیوں کا امکان
کینبرا ۔ 19 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) رواں سیریز جو پہلے ہی ہاتھ سے جاچکی ہے ، ہندوستانی ٹیم یقینا اب رواں سیریز میں آسٹریلیا کیخلاف وائیٹ واش سے بچنے کیلئے کوشاں ہے ، لیکن اس کیلئے ہندوستانی بولروں کو کل یہاں آسٹریلیا کے خلاف کھیلے جانے والے چوتھے ونڈے میں غیرمعمولی مظاہرہ کرنا ہوگا ۔ آسٹریلیا کیخلاف رواں سیریز کے مابقی دو مقابلوں میں کامیابی ہندوستانی ٹیم کے وقار کا مسئلہ ہے کیونکہ تاحال سیریز میں ہندوستانی بولروں نے کافی مایوس کن مظاہرہ کیا ہے ، حالانکہ بیٹسمینوں نے بورڈ پر بہتر اسکور درج کروایا ہے ۔ ہندوستانی بیٹسمینوں نے ابتدائی تین مقابلوں میں بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے بڑا اسکور بنایا ہے لیکن یہ مہمان بولرس ہی ہیں جنھوں نے ناقص مظاہروں کے ذریعہ مایوس کن نتائج حاصل کئے ہیں ۔ آسٹریلیا نے پرتھ ، برسبین اور ملبورن میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیریز پر 3-0 کی ناقابل شکست سبقت حاصل کرلی ہے ۔ 2007-08 کی سی بی سیریز کے بعد ہندوستانی ٹیم پہلی مرتبہ مانوکااول میں آسٹریلیا کے خلاف صف آراء ہورہی ہے جبکہ یہاں کھیلے گئے آخری مقابلے میں ہندوستانی ٹیم کو سری لنکا کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی تھی ۔ ماضی کی بہ نسبت موجودہ ہندوستانی ٹیم بالکل مختلف دکھائی دیتی ہے کیونکہ اُس موقع پر سچن تنڈولکر ، ویریندر سہواگ اور گوتم گمبھیر ٹیم کا حصہ تھے

لیکن کپتان مہندر سنگھ دھونی ، روہت شرما اور ایشانت شرما ابھی بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔ ماضی کی ٹیم میں موجود رہنے والے یوراج سنگھ اور ہربھجن سنگھ کو ونڈے کھیلنے کا موقع تو نہیں ملے گا تاہم وہ رواں ہفتہ ٹوئنٹی 20سیریز کیلئے مہمان ٹیم میں شامل ہورہے ہیں۔ 2007-08 کے موقع پر روہت اور ایشانت پہلی مرتبہ آسٹریلیا کا دورہ کررہے تھے اور انھیں مستقبل میں ٹیم کے کلیدی کھلاڑی تصور کیا جارہا تھا ۔ اب نوجوان کھلاڑیوں میں منیش پانڈے ، گرکریت من اور رشی دھون کو یہی حیثیت حاصل ہے ۔ کل کھیلے جانے والے مقابلے میں دھونی کی جانب سے منتخب کئے جانے والے قطعی گیارہ کھلاڑی توجہ کا مرکز ہوں گے ۔ ابتدائی دو مقابلوں میں ہندوستانی ٹیم کے قطعی 11 کھلاڑی ایک ہی تھے لیکن تیسرے مقابلے میں تبدیلی کی گئی اور اشوین کے مقام پر نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا ۔ ہندوستانی اوپنر شکھر دھون جنھوں نے ملبورن میں نصف سنچری اسکور کی ہے اور وہ اس نصف سنچری کے ذریعہ سیریز کے دو مقابلوں کیلئے قطعی گیارہ کھلاڑیوں میں شامل کئے جاسکتے ہیں۔ منیش پانڈے اور گرکریت من کے درمیان کسی ایک کا انتخاب ممکن ہے جبکہ ٹوئنٹی 20 سیریز کے پیش نظر اشوین کی ٹیم میں دوبارہ واپسی یقینی دکھائی دے رہی ہے۔ اشوین کی واپسی سے رشی دھون کو ٹیم سے باہر ہونا پڑے گا۔ فاسٹ بولر اُمیش یادو بھی مسلسل ٹیم کا حصہ بنے ہوئے ہیں اور ممکن ہے کہ اُن کے مقام پر بھونیشور کمار کو موقع دیا جاسکتا ہے ۔ دوسری جانب آسٹریلیائی ٹیم آج ٹریننگ سیشن کے دوران کافی پرسکون دکھائی دی ۔ خاص کر ملبورن میں جارحانہ بیٹسمین گلین میکسویل کی شاندار اننگز کی بدولت اب میزبان ٹیم کی نظر سیریز میں 5-0 کی کامیابی پر مرکوز ہوچکی ہے ۔ مقابلے کا آغاز ہندوستانی معیاری وقت صبح 8:50 منٹ پر ہوگا ۔

TOPPOPULARRECENT