Wednesday , July 18 2018
Home / دنیا / ہند ۔ جاپان ۔ امریکہ بات چیت کا آج نئی دہلی میں انعقاد

ہند ۔ جاپان ۔ امریکہ بات چیت کا آج نئی دہلی میں انعقاد

اندرون 15یوم ٹرمپ ۔ آبے چوٹی ملاقات مقرر ۔ ہند و بحرالکاہل خطہ میں امن ، استحکام و خوشحالی لانا مقصود
واشنگٹن ۔ 3 اپریل ۔( سیاست ڈاٹ کام ) کئی نقاطِ نظر سے اہمیت کے حامل سہ فریقی مذاکرات ہندوستان ، جاپان اور امریکہ کے درمیان نئی دہلی میں اس ہفتہ منعقد کئے جائیں گے جس کے بعد امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور جاپانی وزیراعظم شینزو آبے کے درمیان اس ماہ چوٹی ملاقات مقرر ہے ۔ ٹرمپ نظم و نسق نے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ سے اپنے دو سینئر سفارتکاروں پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سکریٹری آف اسٹیٹ ( جنوبی اور وسطی ایشیائی اُمور) ایلیس ویلزاور کارگذار اسسٹنٹ سکریٹری آف اسٹیٹ (مشرقی ایشیائی اور بحرالکاہل کے اُمور) سوزین تھانٹن بھیجا ہے اور وہ سہ فریقی بات چیت کیلئے امریکی وفد کی مشترک قیادت کریں گے۔ ہند۔ بحرالکاہل خطہ کی تین بڑی جمہوری طاقتوں کے درمیان یہ بات چیت چہارشنبہ کو ہورہی ہے جس کے 15 روز بعد ٹرمپ کی فلوریڈا میں واقع تفریح گاہ میں ٹرمپ ۔ آبے سمٹ منعقد کی جائے گی ۔ 17 اور 18 اپریل کو دو روزہ چوٹی ملاقات کے دوران دونوں قائدین ہند۔ بحرالکاہل خطہ میں امن ، استحکام اور خوشحالی پیدا کرنے کیلئے امریکہ ۔ جاپان اتحاد کی ازسرنو توثیق کریں گے ، وائیٹ ہاؤس نے آج یہ بات کہی ۔ ایلیس ویلز حال ہی میں پاکستان سے واپس ہوئی ہیں جبکہ سوزین تھانٹن نے ابھی ابھی ملائیشیا کا سفر مکمل کیا ہے ۔ یہ دونوں سفارتکار نئی دہلی کا رُخ کررہی ہیںجہاں وہ علاقائی سلامتی اور معاشی مسائل کے بارے میں امریکہ ۔ آسیان مذاکرات میں شرکت کریں گی ۔ 6 اپریل کو ایلیس ویلز انڈیا۔ یو ایس فورم میں حصہ لیں گی جس کی میزبانی اننتا سنٹر اور وزارت اُمور خارجہ کررہے ہیں ۔ اس دورہ میں ایلیس ویلز سینئر ہندوستانی حکومتی عہدیداروں سے بھی ملیں گی ۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے بتایا کہ وہ علاقائی اور عالمی مسائل پر تبادلۂ خیال کے ساتھ ساتھ خانگی شعبوں کے نمائندوں سے بھی ملاقات کریں گی ۔ انڈیا ۔ جاپان۔ امریکہ سہ فریقی مذاکرات کا ڈسمبر 2011 ء میں آغاز ہوا تھا جب ہلاری کلنٹن وزیر خارجہ تھیں۔ اس فورم کے ابتدائی کئی موقعوں پر ڈائرکٹر یا اسسٹنٹ سکریٹری سطح کی بات چیت ہوئی ہے ۔ اسے 2015 ء میں وزارتی سطح تک بڑھایا گیا ۔ وزارتی سطح کی افتتاحی سہ رخی بات چیت 29 ستمبر 2015 ء کو نیویارک میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سیشن کے موقع پر منعقد کی گئی تھی ۔ اس کی میزبانی اُس وقت کے امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کی۔ وزیر اُمور خارجہ سشما سوراج اور جاپانی وزیر خارجہ فومیو کشی دا نے اپنے متعلقہ ملکوں کی نمائندگی کی ۔ وزارتی سطح کی آخری بات چیت نیویارک میں ستمبر 2017 ء میں منعقد کی گئی تھی ۔

TOPPOPULARRECENT