Sunday , December 17 2017
Home / کھیل کی خبریں / ہند ۔ زمبابوے آج پہلا ونڈے ، دھونی کیلئے نیا چیلنج

ہند ۔ زمبابوے آج پہلا ونڈے ، دھونی کیلئے نیا چیلنج

ہرارے ۔ 10 جون ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) اکثر اوقات ماہر کھلاڑیوں کے ہمراہ محدود اوور کی کرکٹ میں قیادت کرنے والے مہندر سنگھ دھونی کیلئے کل زمبابوے کے خلاف شروع ہونے والے پہلے ونڈے میں ایک نئے چیلنج کا سامنا رہے گا کیونکہ اس مختصر دورے پر ہندوستان کی دوسرے درجہ کی ٹیم کو روانہ کیا گیا ہے جس کی دھونی قیادت کررہے ہیں ۔ گزشتہ چند برسوں سے آئی پی ایل کے فوراً بعد زمبابوے کا دورہ مقرر کیا جارہا ہے جس کیلئے بی سی سی آئی دوسرے درجہ کی ٹیم روانہ کرتی ہے تاکہ اُن باصلاحیت کھلاڑیوں کو آزمایا جاسکے جنھیں مستقل ٹیم میں جگہ نہیں ملتی ۔ 2013 ء اور 2015ء میں ہندوستانی ٹیم نے یکے بعد دیگرے زمبابوے کو 5-0 ، 3-0کے ذریعہ وائیٹ واش کیا تھا۔ اس مرتبہ ہندوستانی 15 رکنی ٹیم میں پانچ غیرمعروف کھلاڑی ہیں جن میں ٹسٹ ٹیم کی قیادت کرچکے کے ایل راہول بھی شامل ہیں جنھیں ہنوز ونڈے کیرئیر کا آغاز کرنا باقی ہے ۔ دھونی نے آخری مرتبہ زمبابوے میں 2005ء کی سیریز کھیلی تھی جہاں وہ ٹیم کیلئے بڑی مشکل سے چھ ماہ قدیم کھلاڑی تھے کیونکہ ٹیم کی قیادت سورو گنگولی کررہے تھے لیکن اس مرتبہ حالات بالکل مختلف ہیں جیسا کہ ٹسٹ کرکٹ سے سبکدوشی کے بعد وہ ونڈے کرکٹ میں بھی اپنے اختتامی دور سے گذر رہے ہیں ۔

زمبابوے کا دورہ دھونی کیلئے اپنی کپتانی کو محفوظ کرنے کا نہ سہی کسی بھی سینئر کھلاڑی کے کیرئیر کا اختتام ہونے کیلئے کافی ہوسکتا ہے ۔ ہندوستان آئندہ چند ماہ کے دوران اپنے گھریلو میدانوں پر ٹسٹ سیریزوں میں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی میزبانی کررہا ہے لہذا اس دوران ونڈے اور ٹوئنٹی 20 مقابلے محدود ہیں لہذا دھونی کو زمبابوے کی سیریز کے بعد بہت زیادہ کرکٹ کھیلنے کا موقع نہیں ملے گا ۔ کپتان مہندر سنگھ دھونی اور ٹیم کے مابقی کھلاڑیوں کے درمیان بین الاقوامی کرکٹ کے تجربہ میں زمین آسمان کا فرق ہے جیسا کہ دھونی 275 ونڈے کھیل چکے ہیں جبکہ مابقی کھلاڑیوں کے جملہ مقابلوں کی تعداد صرف 83 ہے ۔ ان میں بھی امباٹی رائیڈو نے 31 مقابلے اور اکشر پٹیل نے 22 مقابلے کھیلے ہیں ماباقی کھلاڑیوں نے صرف 30 مقابلوں میں ہندوستان کی نمائندگی کی ہے ۔ کے ایل راہول زمبابوے کے خلاف ونڈے سیریز کے علاوہ ویسٹ ا نڈیز کے خلاف ٹسٹ کرکٹ میں بھی ٹیم کی نمائندگی کریں گے ۔ دورہ زمبابوے منیش پانڈے ، کرون نیئر ، اکشر پٹیل ، بریندر سرن ، جئے دیو انڈکڈ اور جسپریت بومرا کیلئے اہمیت کا حامل ہے جب کہ دھول کلکرنی بھی آئی پی ایل کے شاندار مظاہروں کے سلسلے کو بین الاقوامی سطح پر بھی برقرار رکھنے کے خواہاں ہیں۔ مقابلے کا آغاز ہندوستانی وقت کے مطابق دوپہر 12:30 بجے ہوگا ۔

TOPPOPULARRECENT