Saturday , November 25 2017
Home / ہندوستان / ہند ۔ سعودی عرب وزرائے خارجہ کی آج بات چیت

ہند ۔ سعودی عرب وزرائے خارجہ کی آج بات چیت

سشما سوراج اور عادل بن احمد الجبیر باہمی تعلقات کو مستحکم کرنے پر تبادلہ خیال کرینگے
نئی دہلی 7 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر خارجہ سشما سوراج اپنے سعودی ہم منصب عادل بن احمد الجبیر کے ساتھ کل تفصیلی بات چیت کرینگی ۔ دونوں وزرائے خارجہ دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات کی جملہ نوعیت اور باہمی مفاد کے حامل علاقائی اور عالمی مسائل پر تبادلہ خیال کرینگے ۔ وزیر خارجہ سعودی عرب الجبیر ‘ وزیر اعظم نریندر مودی کے دو روزہ دورہ سعودی عرب سے قبل ہندوستان کے دورے پر آئے ہیں۔ مودی 2 اپریل سے سعودی عرب کا دورہ کرنے والے ہیں۔ سعودی عرب کا شمار ہندوستان کو سب سے زیادہ تیل سپلائی کرنے والے ملک کی حیثیت سے ہوتا ہے ۔ ہندوستان کی تیل کی جملہ در آمدات کا پانچواں حصہ سعودی عرب سے حاصل ہوتا ہے ۔ علاوہ ازیں سعودی عرب ہندوستان کا چوتھا بڑا تجارتی شریک بھی ہے اور دونوں ملکوں کے مابین 2014 – 15 میں باہمی تجارت 40 بلین ڈالرس تک پہونچ گئی تھی ۔ علاوہ ازیں سعودی عرب میں ہندوستانی برادری سب سے بڑی تاک وطن برادری ہے اور اس ملک کی ترقی میں ہندوستانی برادری کا رول مسلمہ سمجھا جاتا ہے ۔ سعودی عرب میں زائد از 2.96 ملین ہندوستانی باشندے ملازم ہیں۔ وزارت خارجہ نے کہا کہ سعودی وزیر خارجہ کے دورہ کے موقع پر دونوں وزرائے باہمی تعلقات کی جملہ نوعیت کے علاوہ باہمی مفاد کے حامل علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کرینگے ۔ امکان ہے کہ اس بات چیت میں تجارتی تعلقات کو مستحکم کرنے کے علاوہ باہمی تعاون کے نئے شعبہ جات تلاش کرنے پر توجہ دی جائیگی ۔ دونوں قائدین مغرب ایشیا کی صورتحال پر بھی بات چیت کرینگے ۔ اس سے پہلے سشما سوراج اور الجبیر کی ملاقات پہلے ہندوستان ۔ عرب لیگ وزارتی اجلاس کے موقع پر مناما میں 24 جنوری کو ہوئی تھی ۔

TOPPOPULARRECENT