Monday , December 18 2017
Home / Top Stories / ہند ۔ پاک تعطل ختم، جامع مذاکرات کے احیاء کا فیصلہ

ہند ۔ پاک تعطل ختم، جامع مذاکرات کے احیاء کا فیصلہ

وزیراعظم مودی کا ستمبر میں دورہ پاکستان، وزیرخارجہ سشماسوراج کی وزیراعظم پاکستان نواز شریف سے ملاقات
اسلام آباد ۔ 9 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور پاکستان نے آج اپنے تعلقات کا تعطل ختم کرتے ہوئے اعلان کیا کہ انہوں نے فیصلہ کیا ہیکہ ’’جامع‘‘ مذاکرات میں امن و صیانت اور جموں و کشمیر شامل رہیں گے۔ وزیراعظم نریندر مودی اور وزیراعظم پاکستان نواز شریف کی 10 دن قبل پیرس میں ملاقات کے بعد ہونے والی تبدیلیوں میں اعلان کیا گیا ہیکہ معتمدین خارجہ کا ایک اجلاس منعقد ہوگا جس میں مذاکرات کے پروگرام اور قواعد و ضوابط کا تعین کیا جائے گا۔ پاکستان نے ہندوستان کو تیقن دیا ہیکہ ممبئی حملہ مقدمہ کے عاجلانہ اختتام کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ ہندوستان طویل مدت سے اس کا مطالبہ کرتا رہا تھا۔ مشیران قومی سلامتی ہندوستان و پاکستان کی حال ہی میں بنکاک میں ملاقات ہوچکی ہے۔ وزیرخارجہ سشماسوراج نے وزیراعظم پاکستان نواز شریف اور اس کے بعد مشیر برائے خارجی امور سرتاج عزیز سے اپنے دو روزہ دورہ کے اختتام سے قبل افغانستان کے موضوع پر کثیر جہتی کانفرنس میں شرکت کے دوران علحدہ طور پر ملاقات کی۔ ایک اور نمایاں اقدام باہمی تعلقات کی بہتری کیلئے یہ ہیکہ مودی سارک چوٹی کانفرنس میں شرکت کیلئے ستمبر میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔ جامع باہمی مذاکرات میں بحالی اعتماد اقدامات، سیاچن، سرکریک، وولر بیریج، تلبل جہاز رانی پراجکٹ، معاشی و تجارتی تعاون، انسداد دہشت گردی، منشیات پر کنٹرول، انسانی مسائل، عوام سے عوام کے تبادلہ اور مذہبی سیاحت شامل ہوں گے۔ مشترکہ بیان میں دہشت گردی کی مذمت کی گئی ہے

اور اس کے خاتمہ کیلئے باہمی تعاون سے اتفاق کیا گیا ہے۔ سشماسوراج اور سرتاج عزیز نے نوٹ کیا کہ کامیاب مذاکرات برائے دہشت گردی اور صیانت سے متعلق مسائل پر بنکاک میں بات چیت ہوچکی ہے اور مشیران قومی سلامتی ان مسائل کی یکسوئی کیلئے جن کا تعلق دہشت گردی سے ہے، ملاقاتیں جاری رکھیں گے۔ سشماسوراج کے ہمراہ معتمد خارجہ ایس جئے شنکر، ہندوستان کے سفیر برائے پاکستان ٹی سی اے راگھون اور سفیر برائے افغانستان امر سنہا نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کی شدت اور دائرہ کار میں گذشتہ چند ماہ کے دوران کافی اضافہ ہوچکا ہے اور ہندوستان حکومت افغانستان کے ساتھ دفاعی قابلیت میں اضافہ کا پابند ہے۔ سشماسوراج اپنے دورہ پاکستان کے بارے میں کل پارلیمنٹ میں بیان دیںگی۔ اس سوال پر کہ ہندوستان کی پاکستان کے ساتھ تجارت اور جامع باہمی مذاکرات کیا ’’بڑی تبدیلی‘‘ ہیں۔ سشماسوراج نے کہا کہ مشیران قومی سلامتی کی سطح پر تعمیری بات چیت ہوچکی ہے اور یہ ایک بڑی تبدیلی تھی۔ ذرائع کے بموجب پاکستان نے ہندوستان کے ممبئی دہشت گرد حملہ مقدمہ کے بارے میں تشویش کو سمجھنے کا اظہار کیا اور اس کی جلد از جلد یکسوئی کا تیقن دیا۔ سوراج ۔ عزیز ملاقات نے ممبئی دہشت گرد حملے مقدمہ کے بارے میں کافی دیر بات چیت ہوئی۔ ذرائع کے بموجب بات چیت وسیع پیمانے پر ہوگی اور عنقریب اس کا انعقاد کیا جائے گا۔ نواز شریف سے سشماسوراج کی بات چیت کثیر لسانی یعنی اردو، ہندوستانی اور پنجابی زبانوں میں ہوئی۔ سشماسوراج نے نواز شریف کے خاندان سے بھی ملاقات کی۔

TOPPOPULARRECENT