Sunday , November 19 2017
Home / ہندوستان / ہند ۔ پاک قومی سلامتی مشیروں کی ملاقات ہوگی : مرکزی وزیر

ہند ۔ پاک قومی سلامتی مشیروں کی ملاقات ہوگی : مرکزی وزیر

نئی دہلی 8 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان اور پاکستان کے مابین قومی سلامتی مشیران کی سطح کی بات چیت جاریہ ماہ کے اواخر میں حسب توقع منعقد ہوگی ۔ مرکزی وزیر نرملا سیتارمن نے آج یہ بات کہی ۔ یہ تبصرہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جبکہ حالیہ دہشت گردانہ حملوں کے تناظر میں اس اجلاس کے انعقاد کے تعلق سے سوال کئے جا رہے ہیں۔ سیتارمن نے یہاں بی جے پی ہیڈ کوارٹرس میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہیںجانتے کہ پاکستان میں حکومت کے ذہن میں کیا چل رہا ہے ۔ جہاں تک حکومت ہند کے موقف کا سوال ہے یہ بہت واضح ہے کہ قومی سلامتی مشیران کی سطح کی بات چیت جاری رہے گی ۔ ان سے سوال کیا گیا تھا کہ آیا حالیہ واقعات کی روشنی میں یہ بات چیت ہوگی یا نہیں ۔ امید کی جا رہی ہے کہ جاریہ ماہ کے اواخر میں دونوںملکوں کے مشیران قومی سلامتی کی کانفرنس ہوگی جس کا دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم نریندر مودی اور نواز شریف نے روس کے شہر اوفا میں ملاقات کے دوران کیا تھا ۔ یہ ملاقات گذشتہ مہینے ہوئی تھی ۔ تاہم حالیہ وقتوں میں دہشت گردی کے دو بڑے حملے ہوئے ہیں۔ ایک حملہ پنجاب میں اور دوسرا جموں و کشمیر میں ہوا ہے اور شبہ کیا جا رہا ہے کہ دونوں حملے پاکستان سے کئے گئے ہیں۔ اس پر یہ سوال پیدا ہوگئے تھے کہ آیا ہندوستان موجودہ حالات میں بھی پاکستان سے بات چیت کریگا یا نہیں۔ اس سوال پر کہ اسپیکر لوک سبھا سمترا مہاجن نے اسلام آباد میں ہونے والی سی پی یو کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا جو فیصلہ کیا ہے کیا حکومت اس کی تائید کرتی ہے نرملا سیتارمن نے کہا کہ حالانکہ یہ فیصلہ اسپیکر نے اپنے طور پر کیا ہے لیکن حکومت اس فیصلے سے اتفاق کرتی ہے ۔ 30 ستمبر سے 8 اکٹوبر تک ہونے والی اس کانفرنس میں پاکستان نے جموں و کشمیر اسمبلی اسپیکر کو مدعو کرنے سے گریز کیا تھا جس کے بعد اسپیکر لوک سبھا نے خود بھی اس کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اسپیکر کے اس فیصلے کی تائید و حمایت کرتی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT