Thursday , December 14 2017
Home / ہندوستان / ہنی پریت کی تلاش : ہریانہ پولیس کا دہلی میں دھاوا

ہنی پریت کی تلاش : ہریانہ پولیس کا دہلی میں دھاوا

مقید گرمیت کی متبنیٰ بیٹی کے ساتھ دیگر کلیدی ملزمین بھی مفرور ، پولیس مہم میں شدت
چندی گڑھ ۔ 26 ستمبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) ہریانہ پولیس نے آج دہلی میں کئی جگہے تلاشی لی جس کا مقصد جیل میں قید ڈیرا سچا سودا سربراہ کی متبنیٰ بیٹی ہنی پریت انسان کا پتہ چلانا ہے جس کے خلاف گرمیت رام رحیم کی سزاء دہی پر پیش آئے تشدد کے واقعات کے سلسلے میں گرفتاری وارنٹ جاری ہوا ہے ۔ پولیس نے یہاں کہا کہ ہنی پریت اور دو دیگر کلیدی ڈیرا کارکنان کو ڈھونڈ نکالنے کیلئے مختلف مقامات پر تلاشی مہم چلائی گئی ، ویسے پولیس نے اُن مقامات کی صراحت نہیں کی جہاں وہ تلاشی لے رہے ہیں ۔ دہلی پولیس نے کہاکہ پنچکلا پولیس کی ٹیم ہنی پریت کی گرفتاری کا وارنٹ لے کر پہونچی کیوں کہ ایسی اطلاع ملی تھی کہ وہ نئی دہلی کے گریٹر کیلاش میں A بلاک کے کسی مکان میں موجود ہے ۔ ڈی سی پی ساؤتھ ایسٹ رومیل بانیا نے کہاکہ مگر وہاں سے کوئی بھی ملزم برآمد نہیں ہوا۔ یہ دھاوا صبح 7:30 بجے کیا گیا اور تب وہاں صرف نگرانکار پایا گیا۔ یہ مکان ڈیرا سچا سودا کے نام پر رجسٹرڈ ہے ۔ پولیس نے یہ بھی کہا کہ 25 اگسٹ کو پنچکلا میں پیش آئے پرتشدد واقعات کے سلسلے میں یہ تینوں اور دیگر مطلوب ملزمین کی گرفتاری کا موجب بننے والی کوئی بھی اطلاع دینے پر خبر دینے والے کو اُس کی شناخت راز میں رکھتے ہوئے مناسب انعام سے نوازا جائے گا۔ ہریانہ پولیس نے آج کہا کہ پنچکلا کی ایک عدالت میں گزشتہ روز ہنی پریت ، ڈیرا کے ترجمان ادتیہ انسان اور ڈیرا کے سرکردہ عہدیدار پون انسان کو پنچکلا میں پیش آئے واقعات کے سلسلے میں گرفتار کرلینے کا وارنٹ جاری کیا تھا ۔ ہریانہ پولیس کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) نے اس عدالت سے رجوع ہوکر تینوں ملزمین کے گرفتاری وارنٹس جاری کرنے کی استدعا کی تھی ۔ ڈی جی پی بی ایس سندھو نے کہاکہ ایس آئی ٹی کی درخواست قبول کرتے ہوئے عدالت نے مطلوب ملزمین کے خلاف گرفتاری وارنٹس جاری کردیئے ۔ انھوں نے بتایا کہ اگر یہ تینوں گرفتاری سے یوں ہی بچتے رہیں تو پولیس دوبارہ عدالت سے رجوع ہوکر اُنھیں مفرور مجرمین قرار دینے کی اپیل کرے گی ۔ ہنی پریت 25اگسٹ کو پنچکلا کی خصوصی سی بی آئی عدالت میں گرمیت کو دو ریپ کیسوں میں مجرم قرار دیئے جانے کے بعد سے مسلسل روپوش ہے اور آج وہ پیشگی ضمانت کی درخواست کے ساتھ دہلی ہائیکورٹ سے بالواسطہ رجوع ہوئیں۔ پرینکا تنیجا عرف ہنی پریت جو مقید ڈیرا سربراہ کی متبنیٰ بیٹی ہے ، ہریانہ پولیس کو پرتشدد واقعات کے سلسلے میں مطلوب 43 افراد کی فہرست میں اول ہے ۔

TOPPOPULARRECENT