Tuesday , August 21 2018
Home / شہر کی خبریں / ہوم گارڈس پر کے سی آر کے تحفوں کی بارش، تنخواہوں میں اضافہ

ہوم گارڈس پر کے سی آر کے تحفوں کی بارش، تنخواہوں میں اضافہ

ڈبل بیڈ روم مکانات،سالانہ انکریمنٹ، لیڈی ہوم گارڈس کو6 ماہ کی رخصت زچگی

حیدرآباد۔/13ڈسمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے بیک وقت ہوم گارڈس کیلئے کئی تحفوں کا اعلان کرتے ہوئے ان کی تنخواہ ماہانہ 20ہزار روپئے کردینے ، ہر سال تنخواہوں میں ایک ہزار روپئے کا اضافہ کرنے ، پولیس کانسٹبلس کے تقررات میں 25 فیصد ریزورڈ کانسٹبلس کے تقررات میں 15 فیصد ڈرائیورس کے تقررات میں 20فیصد تحفظات ہوم گارڈس کو فراہم کرنے، ڈبل بیڈ روم مکانات کے ساتھ ہیلت انشورنس فراہم کرنے کا فیصلہ کیا۔ آج پرگتی بھون میں چیف منسٹر نے ہوم گارڈس سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی، ڈی جی پی مہیندر ریڈی کے علاوہ دوسرے پولیس اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر کے سی آر نے کہاکہ حیدرآباد جیسے شہر میں ہوم گارڈس کیلئے 12 ہزار روپئے تنخواہ میں زندگی گذارنا مشکل ہے اپنی آمدنی اپنے عوام میں تقسیم کرنے کیلئے علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کیلئے جدوجہد کی گئی۔ علحدہ تلنگانہ ریاست حاصل ہونے کے بعد اس کے ثمرات عوام تک پہنچانا حکمرانوں کی ذمہ داری ہے۔ آج سے ہی پولیس کانسٹبلس کے تقررات میں ہوم گارڈس کو 25 فیصد ریزورڈ کانسٹبلس کے تقررات میں 15 فیصد اور ڈرائیورس کے تقررات میں 20فیصد تحفظات فراہم کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ان تقررات میں روسٹرس نظام پر مکمل عمل آوری کی جائے گی۔ روسٹرس پر عمل کرنے سے ہی ہوم گارڈس کو فائدہ پہنچے گا۔ ہوم گارڈس کیلئے خصوصی ٹسٹ کا اہتمام کرنے کی ہدایت دی۔ کانسٹبل ٹسٹ تحریر کرنے کیلئے ہوم گارڈس کو 40 سال عمر تک اہل قرار دیا گیا ہے۔ الاؤنس میں بھی اضافہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس پر جنوری 2018 سے عمل آوری ہوگی۔ ٹریفک پولیس میں خدمات انجام دینے والے ہوم گارڈس کو عام محکمہ جات میں خدمات انجام دینے والے ملازمین کے مماثل الاؤنس فراہم کیا جائے گا۔ شہر حیدرآباد میں خدمات انجام دینے والے ہوم گارڈس کو بس پاس کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ 18,900 ہوم گارڈس کو ان کی خواہش کے مطابق کسی بھی علاقہ میں ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر کرکے دیئے جائیں گے۔ شہر کے مضافاتی علاقے کلور میں 15 ہزار مکانات کی تعمیرات کیلئے اراضی کا جائزہ لیا جارہاہے۔ چیف منسٹر نے پولیس اور ہوم گارڈس کے ارکان خاندان کو بہترین میڈیکل انشورنس فراہم کرنے کا تیقن دیا۔ پولیس ہاسپٹلس میں پولیس کے مماثل ہوم گارڈس کو طبی خدمات فراہم کرنے کے مکمل اقدامات کئے جائیں گے۔ لیڈی پولیس کی طرز پر لیڈی ہوم گارڈس کو بھی 6 ماہ تک ڈیلیوری چھٹی دینے کا اعلان کیا۔ کے سی آر نے تلنگانہ میں سب سے انصاف کرنے کا تیقن دیتے ہوئے کہا کہ جدوجہد سے حاصل کردہ تلنگانہ میں کسی بھی طبقہ سے کسی بھی شعبہ میں کوئی ناانصافی نہیں ہوگی۔

TOPPOPULARRECENT