Saturday , December 16 2017
Home / جرائم و حادثات / ہوم گارڈس کا سیکریٹریٹ کے قریب احتجاج

ہوم گارڈس کا سیکریٹریٹ کے قریب احتجاج

ٹریفک درہم برہم ، پولیس کیلئے پریشان کن صورتحال
حیدرآباد 27 اکٹوبر (سیاست نیوز) ریاستی سکریٹریٹ کے قریب ہوم گارڈس کی جانب سے اچانک مظاہرے کے سبب کشیدگی پیدا ہوگئی۔ اپنے مطالبات کی تکمیل کے لئے ہزاروں ہوم گارڈس نے آج اندرا پارک دھرنا چوک میں جمع ہوکر زبردست مظاہرہ کیا۔ بعدازاں اچانک تلنگانہ سکریٹریٹ کے روبرو پہونچ کر دھرنا منظم کیا۔ ہوم گارڈس کے اِس اچانک احتجاج سے پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں میں تشویش پیدا ہوگئی اور حیدرآباد سٹی پولیس سے وابستہ تمام پولیس عہدیداروں کو سکریٹریٹ پہونچنے کے لئے وائرلیس سیٹس پر ہدایات جاری کی گئیں۔ تقریباً ایک ہزار ہوم گارڈس نے سکریٹریٹ کے قریب احتجاج کرتے ہوئے اپنے مطالبات کی تکمیل کے حق میں نعرے بازی کی۔ ایڈیشنل کمشنر سٹی آرمڈ ریزرو ہیڈ کوارٹرس مسٹر ایم شیو پرساد نے مائیک کے ذریعہ خطاب کرتے ہوئے احتجاج ختم کرنے کا مشورہ دیا لیکن ہوم گارڈس اپنا احتجاج جاری رکھتے ہوئے رات دیر گئے تک سکریٹریٹ کے روبرو موجود تھے۔ اس احتجاج کے سبب نیکلس روڈ اور بشیر باغ کی سمت جانے والی ٹریفک درہم برہم ہوگئی۔ قبل ازیں ہوم گارڈس کے ایک وفد نے چیف سکریٹری تلنگانہ مسٹر راجیو شرما سے ملاقات کرتے ہوئے اُنھیں ایک یادداشت پیش کی اور اپنے مطالبات جس میں ملازمت کو باقاعدہ بنانے اور دیگر مراعات دینے کا مطالبہ کیا ۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس تلنگانہ مسٹر انوراگ شرما نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہاکہ ہوم گارڈس کا تعلق ایک ڈسپلین فورس سے ہے اور اُنھیں اس طرح سڑکوں پر آکر احتجاج سے گریز کرنا چاہئے۔  سنٹرل زون پولیس نے سکریٹریٹ کے روبرو احتجاج کرنے والے ہوم گارڈس کے خلاف تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کئے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT