Saturday , November 18 2017
Home / دنیا / ہیرات میں ہندوستانی قونصل خانہ کے قریب دھماکو اشیاء دستیاب

ہیرات میں ہندوستانی قونصل خانہ کے قریب دھماکو اشیاء دستیاب

نئی دہلی /8 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان کے صوبہ ہیرات میں ہندوستانی قونصل خانہ کے قریب آج دھماکو اشیاء سے لدی ایک گاڑی دستیاب ہوئی اور اس ضمن میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے، جس کے ساتھ ہی یہ قیاس آرائیاں شروع ہو گئی ہیں کہ آیا افغانستان میں ہندوستان کے ایک اور سفارتی مشن پر حملہ کی تیاری کی جا رہی تھی۔ اطلاعات کے مطابق ہندوستانی قونصل خانہ سے متصل ایک عبوری ٹیکسی اسٹینڈ میں ایک لاوارث گاڑی دستیاب ہوئی اور پولیس کی جانب سے اس کی تلاشی کے دوران اس میں دھماکہ خیز اشیاء پائی گئیں۔ افغان پولیس نے ہندوستانی قونصل خانہ کو مطلع کیا کہ پولیس کو قونصل خانہ کے قریب ایک مشتبہ گاڑی دستیاب ہوئی، جس میں دھماکہ خیز اشیاء موجود تھیں، لیکن وہ فوری طورپر دھماکہ میں استعمال کے قابل نہیں تھیں۔ تمام مشتبہ افراد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، صرف ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا گیا، جس سے پوچھ گچھ جاری ہے، تاہم ہیرات میں واقع ہندوستانی قونصل خانہ کے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’’قونصل خانہ کے باہر دھماکو مواد دستیاب ہونے کی اطلاعات گمراہ کن ہیں، وہاں کوئی دھماکہ خیز مواد نہیں پایا گیا‘‘۔ واضح رہے کہ آج کے اس واقعہ سے بمشکل ایک ہفتہ قبل شمالی شہر مزار شریف میں انتہائی مسلح تخریب کاروں کے ایک گروپ نے ہندوستانی قونصل خانہ میں زبردستی گھسنے کی کوشش کی تھی۔

TOPPOPULARRECENT