Friday , December 15 2017
Home / شہر کی خبریں / ہیلمیٹ کے بغیر گاڑی چلانے پر پٹرول کی عدم فراہمی،حکومت آندھرا پردیش کے فیصلہ پر گنٹور میں سختی سے عمل آوری

ہیلمیٹ کے بغیر گاڑی چلانے پر پٹرول کی عدم فراہمی،حکومت آندھرا پردیش کے فیصلہ پر گنٹور میں سختی سے عمل آوری

حیدرآباد۔25ستمبر(سیاست نیوز) سڑک کے سفر کو محفوظ بنانے کے لئے محکمہ پولیس اور دیگر محکمہ جات کی جانب سے موٹر سیکل رانوں میں شعور بیداری کے علاوہ دیگر کئی ایک اقدامات کئے جا رہے ہیں لیکن پڑوسی ریاست آندھراپردیش کے ضلع گنٹور میںشہری پولیس انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ ضلع میں ہیلمٹ کے بغیر گاڑی چلانے والوں کو پٹرول پمپ پر پٹرول فراہم نہیں کیا جائے گا اور اس قانون کو سختی سے نافذ کیا جائے گا۔ ملک کے مختلف شہروں میں کئے جانے والے اقدامات میں ضلع گنٹور کی جانب سے کئے گئے اس فیصلہ کو کافی اہمیت حاصل ہونے لگی ہے کیونکہ شہری پولیس انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے اس فیصلہ کے نتیجہ میں اب موٹر سیکل راں پٹرول پمپ پر پٹرول نہیں خرید سکیں گے اور انہیں ہیلمٹ کے لزوم کی پابندی کرنی ہی ہوگی۔ شہر حیدرآباد و سکندرآباد میں بھی محکمہ پولیس ‘ ٹریفک پولیس اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے علاوہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے حیدرآباد میں بھی اس طرح کے قانون پر غور کیا جا رہا تھالیکن تاحال اس سلسلہ میں کوئی قطعی فیصلہ نہیں کیا گیا لیکن ضلع گنٹور میں محکمہ پولیس کی جانب سے جاری کئے گئے ان احکام کے مطابق اب ضلع گنٹور میں ٹو وہیلر رانوں کو ہیلمٹ پہن کر ہی پٹرول ڈلوانا ہوگا ۔ہیلمٹ نہ ہونے کی صورت میں انہیں پٹرول نہیں دیا جائے گا۔باوثوق ذرائع کے مطابق ریاست تلنگانہ میں بھی محکمہ داخلہ کی جانب سے اس طرح کے احکام کی اجرائی کے متعلق غور کیا جا رہا ہے تاکہ سڑک حادثہ میں ہونے والی اموات کو کم کیا جاسکے۔ہیلمٹ کے لزوم کے باوجود ہیلمٹ کے عدم استعمال کے سبب بھاری چالانات تو کئے جا رہے ہیں لیکن شہریوں میں ہیلمٹ کے متعلق شعور اجاگر نہیں ہو رہا ہے اور اب بھی 60تا70فیصد موٹر سیکل راں ہیلمٹ کا استعمال کر رہے ہیں ۔ہیلمٹ کے استعمال اور سڑک حادثوں میں اموات کی شرح کو کم کرنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات میں اب ہیلمٹ نہیںتو پٹرول نہیں کے متعلق غور کیا جا رہا ہے۔بتایاجاتا ہے کہ شہر حیدرآباد میں بہت جلد محکمہ پولیس کی جانب سے تمام پٹرول پمپ مالکین کو محکمہ سیول سپلائز کے توسط سے احکام جاری کرتے ہوئے انہیں بھی اس بات کا پابند بنایا جائے گا کہ وہ ان موٹر سیکل رانوں کو پٹرول فروخت نہ کریں جو ہیلمٹ کے بغیر پٹرول پمپ پہنچتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT