Friday , September 21 2018
Home / Top Stories / یادگار شہیدان تلنگانہ پر راہول گاندھی کا گلہائے عقیدت

یادگار شہیدان تلنگانہ پر راہول گاندھی کا گلہائے عقیدت

گن پارک پر کانگریس کارکنوں کا اژدھام ، فلک شگاف نعرے
حیدرآباد۔14اگسٹ(سیاست نیوز) صدرکل ہند کانگریس مسٹر راہول گاندھی نے ’’یادگار شہیدان تلنگانہ‘‘ پر گلہائے عقیدت پیش کرتے ہوئے شہیدان تلنگانہ کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ مسٹر راہول گاندھی کی بس باغ عام پہنچنے سے قبل ریالی کی شکل میں ہزاروں کی تعداد میں کانگریسی کارکن و قائدین گن پارک پہنچ چکے تھے اور پولیس کی جانب سے راہل گاندھی کی آمد کے سلسلہ میں وسیع و عریض انتظامات کئے گئے تھے جس کے نتیجہ میں ٹریفک کی آمد و رفت میں زیادہ مشکلات نہیں ہوئی۔ راہول گاندھی کے قافلہ کے گن پارک پہنچتے ہی گن پارک کے قریب موجود کانگریسی کارکنوں نے فلک شگاف نعرے بلند کرتے ہوئے صدر کل ہند کانگریس کا استقبال کیا اور پھول برسائے گئے۔ مسٹر راہول گاندھی جو کہ کانگریس قائدین کے ہمراہ بس یاترا کے لئے تیار کی گئی خصوصی بس کے ذریعہ گن پارک پہنچے ان کے ہمراہ صدر پردیش کانگریس کیپٹن اتم کمار ریڈی ‘مسٹر مدھو گوڑ یاشکی ‘ مسٹر سروے ستیہ نارائنہ‘ مسٹرکے جانا ریڈی‘ مسٹر ایم بٹی وکرمارک ‘ مسٹر انیل کمار یادو‘ مسز جے گیتا ریڈی کے بشمول کئی قائدین موجود تھے۔ گن پارک پر پہنچنے پر استقبال کرنے والے سرکردہ قائدین میں مسٹر ایم انجن کمار یادو سابق رکن پارلیمنٹ ‘ جناب محمد غوث سابق کارپوریٹر‘ جناب فیروز خان‘ جناب واجد حسین کے علاوہ جامعہ عثمانیہ کی طلبہ تنظیموں کے قائدین بھی شامل تھے جنہوں نے صدر کل ہند کانگریس کمیٹی مسٹر راہول گاندھی سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں کھنڈوا پیش کیا ۔ یادگار شہیدان تلنگانہ پر گلہائے عقیدت پیش کرنے کے بعد راہول گاندھی نے انہیں آواز دے رہے نوجوانوں کی جانب رخ کرتے ہوئے ہاتھ ہلائے اور نوجوانوں نے بھی ہاتھ ہلا کر ان کا جواب دیا اور نعرے لگائے گئے۔ قبل ازیں مسٹر انجن کمار یادو کی زیر قیادت آدرش نگر سے ہزاروں نوجوانوں پر مشتمل ریالی نکالی گئی اور ریالی کے دوران ذرائع ابلاغ کے نمائندوںسے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر انجن کمار یادو نے کہا کہ صدر کانگریس راہول گاندھی کے دورہ حیدرآباد سے تلنگانہ کانگریس میں نئی جان پیدا ہوئی ہے اور صدر کانگریس نے تلنگانہ کانگریس قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں خاندانی حکمرانی کے خلاف کانگریس اپنی مہم میں مزید شدت پیدا کرے گی۔پرانے شہر چارمینار کے علاوہ نامپلی سے بھی گن پارک تک راہول گاندھی کے دورہ میں شامل ہونے کے لئے ریالیاں منظم کی گئیں جس میں سینکڑوں نوجوان شامل تھے۔

TOPPOPULARRECENT