Tuesday , November 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / یاسر شاہ ایشز فاتح انگلینڈ کیلئے بڑا چیلنج: اظہر محمود

یاسر شاہ ایشز فاتح انگلینڈ کیلئے بڑا چیلنج: اظہر محمود

لندن ۔۔22 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر اظہر محمود نے ایشز کی فاتح السٹر کک کی انگلش ٹیم کو خبردار کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کے خلاف سیریز میں حریف ٹیم کے اسپن بولروں کے خلاف انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔انگلینڈ کی ٹیم اکتوبر اور نومبر میں پاکستان کے خلاف متحدہ عرب امارات میں تین ٹسٹ، چار ونڈے اور تین  ٹوئنٹی20 مقابلے کھیلے گی۔ کک کی زیر قیادت انگلش ٹیم ان دنوں شاندار فارم میں ہے جیسا کہ اس نے ایشز سیریز میں آسٹریلیا کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کر چکی ہے۔لیکن انگلش کاؤنٹی سرے کی نمائندگی کرنے والے سابق پاکستان آل راؤنڈر اظہر محمود کے بموجب ایشز کی فاتح ٹیم کیلئے یاسر شاہ کی لیگ اسپن بولنگ ایک بہت سخت چیلنج ہو گا۔’انگلینڈ اسپنرز خصوصاً لیگ اسپن کو بہت اچھا نہیں کھیلتے اور میرے خیال میں سیریز کے نتیجہ کا بہت حد تک انحصار یاسر کی کارکردگی پر ہو گا، میرے خیال میں یاسر شاہ انگلینڈ کے لئے خاصی مشکلات کھڑی کر سکتے ہیں۔تاہم انہوں نے  پاکستان کے دوسرے بولروں پر زور دیا کہ انہیں بھی یاسر کا ساتھ دینا ہو گا جبکہ اس سلسلے میں دوسرے اسپنر کا انتخاب بھی بہت اہم ہو گا۔گزشتہ ماہ سری لنکا کو سیریز میں 2-1 سے شکست دینے کے بعد پاکستانی ٹیم ٹسٹ درجہ بندی میں تیسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے جبکہ انگلش ٹیم چھٹے نمبر پر فائز ہے۔ اظہر محمود کے مطابق سیریز میں پاکستانی بولنگ شعبہ کی قیادت ایک مرتبہ پھر یاسر شاہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ یاسر کی کارکردگی پاکستان کیلئے بہت اہمیت کی حامل ہو گی۔ بین الاقوامی سطح پر آنے کے بعد سے ان کی کارکردگی بہت متاثر کن رہی ہے اور وہ ایک جارحانہ بولر ہیں، یاسر نے ثابت کیا ہے کہ وہ دباؤ برداشت کر سکتے ہیں اور ان اعتماد بلندیوں کو چھو رہا ہے۔29 سالہ یاسر شاہ کو آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں عالمی سطح پر متعارف کروایا گیا جہاں وہ سیریز میں ایک بڑا فرق ثابت ہوئے اور اب تک عالمی سطح پر متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 10 ٹسٹ میچوں میں 61 وکٹیں اپنے نام کر چکے ہیں۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT