Sunday , December 17 2017
Home / کھیل کی خبریں / یاسر شاہ بھی ٹخنے کے زخم کی وجہ سے دورہ انگلینڈ سے باہر ‘ پاکستان کیلئے مشکل

یاسر شاہ بھی ٹخنے کے زخم کی وجہ سے دورہ انگلینڈ سے باہر ‘ پاکستان کیلئے مشکل

کراچی 15 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی ٹیم کے چیلنجس سے بھر پور دورہ انگلینڈ کیلئے اور ایک مشکل پیدا ہوگئی ہے کیونکہ اس کے لیگ اسپنر یاسر شاہ بھی اس دورہ سے باہر ہوگئے ہیں۔ ان کے ٹخنے میں زخم آگیا ہے اور وہ قومی ٹریننگ کیمپ سے دور ہوگئے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک عہدیدار نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ یاسر نے اپنے بائیں پیر کے ٹخنے میں تکلیف کی شکایت کی تھی اور اس کی وجہ سے وہ قومی ٹریننگ کیمپ میں شرکت نہیں کر پا رہے ہیں۔ یہ کیمپ کل ملٹری اکیڈیمی کاکل میں شروع ہوا تھا ۔ عہدیدار نے بتایا کہ یاسر کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ نیشنل کرکٹ اکیڈیمی لاہور میں رپورٹ کرے تاکہ ان کے ٹخنے کے زخم کا جائزہ لیا جاسکے اور اس کے علاج پر توجہ دی جاسکے ۔ یاسر سے قبل سینئر بلے باز محمد حفیظ ‘ حارث سہیل ‘ آل راونڈر عماد وسیم اور اسپنر ذوالفقار بابر بھی اس دورہ سے باہر ہوگئے ہیں۔ ان سب کے نام دورہ انگلینڈ کیلئے 35 امکانی کھلاڑیوں میں شامل تھے اور وہ ٹریننگ کیمپ میں بھی حصہ نہیںلے رہے ہیں۔ تمام دوسرے کھلاڑی جو کیمپ میں حصہ نہیں لے رہے ہیں انہیں بھی تکلیف ہے اور حفیظ کے بھی ٹخنے میں مسئلہ ہے ۔ عہدیدار نے کہا کہ اب 28 مئی سے شروع ہو رہے اس دورہ کیلئے امکانی کھلاڑیوں کی فہرست 35 کی بجائے 30 کی ہوگئی ہے ۔ یاسر نے پاکستان کپ نیشنل ونڈے مقابلوں میں دو میچس میں حصہ لیا تھا جو فیصل آباد میں گذشتہ ماہ منعقد ہوئے تھے تاہم اس کے بعد سے وہ وزن کے مسائل اور ٹخنے کے زخم سے پریشان ہیں۔ عہدیدار نے کہا کہ یاسر کا زخم ‘ انگلینڈ میں اچھی کارکردگی دکھانے پاکستان کی امیدوں کیلئے ایک جھٹکا ہے ۔ ذوالفقار بابر بھی فٹ نہیں ہیں۔ انہوں نے توثیق کی کہ اب صورتحال اور بھی مشکل ترین ہوگئی ہے اور یاسر کے زخم کی سنگینی کا پتہ صرف اس کے اسکان کے بعد ہی چل سکے گا جو کل لاہور میں کیا جائیگا ۔ پاکستان کے ٹسٹ کپتان اور سینئر بلے باز مصباح الحق کا بھی آج فٹنس ٹسٹ ہونے والا ہے۔

TOPPOPULARRECENT