Tuesday , December 11 2018

یاسر شاہ نے 82 سالہ قدیم ریکارڈ توڑ دیا، تیز ترین 200 وکٹیں

ابوظہبی ۔6 ڈسمبر( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے لیگ اسپنر یاسر شاہ نے ٹسٹ کرکٹ میں ماضی کے تمام ریکارڈ پاش پاش کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر تاریخ رقم کردی اور تیز ترین 200 وکٹیں لینے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔ یاسر شاہ نے نیوزی لینڈ کے خلاف جاری ٹسٹ سیریز کے تیسرے میچ کی دوسری اننگز میں ولیم سمر ویلے کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکے یہ سنگِ میل عبورکیا۔ ان سے قبل آسٹریلیا کے لیجنڈری لیگ اسپینرکلیری گریمیٹ نے 82 سال قبل 1936 میں تیز ترین 200 وکٹیں لینے کا ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔ کلیری گریمیٹ نے اپنے 36 ویں میچ میں 200 وکٹوں کا سنگِ میل عبورکیا تھا جبکہ یاسر شاہ نے 3 میچ قبل ہی اپنے 33 ویں میچ میں یہ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ ٹسٹ کرکٹ میں تیز ترین 200 وکٹیں لینے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں روی چندر اشون تیسرے نمبر پر ہیں جنہوں نے یہ کارمانہ 37 ویں میچ میں انجام دیا تھا۔ پاکستان کے وقار یونس اور آسٹریلیا کے ڈیننس للی اس فہرست میں مشترکہ طور پر چوتھے نمبر پر ہیں جنہوں نے 38 میچوں میں 200 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ وقت کے اعتبار سے بات کی جائے تو یاسر شاہ تیز ترین 200 وکٹیں لینے والے دوسرے بولر ہوں گے کیونکہ انہوں نے یہ سنگِ میل 4 سال اور 42 دن میں عبور کیا ہے جبکہ انگلینڈ کے سابق عظیم آل راؤنڈر سر ایان بوتھم نے 4 سال 30 دن میں ٹسٹ کرکٹ میں اپنی 200 وکٹیں مکمل کرلی تھیں۔ یاد رہے کہ ٹسٹ کرکٹ میں تیز ترین 100 وکٹوں لینے والوں میں یاسر شاہ دوسرے نمبر پر موجود ہیں جہاں انہوں نے 17 ٹسٹ میچوں میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔ تیز ترین 100وکٹیں لینے کا عالمی ریکارڈ انگلینڈ کے جیارج لومین کے پاس ہے جنہوں نے 1896 میں 16ٹسٹ میچوں میں 100وکٹیں مکمل کی تھیں۔ یاسر شاہ نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹسٹ میچ میں 14وکٹیں لے سابق کپتان اور موجود وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا 36 سالہ قدیم پاکستانی ریکارڈ برابر کردیا جنہوں نے1982 میں سری لنکا کے خلاف میچ میں 116رنز کے عوض 14وکٹیں لی تھیں۔

TOPPOPULARRECENT